پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے دیا استعفیٰ، سیاسی ہلچل تیز

پنجاب کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد کیپٹن امریندر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے صبح کانگریس صدر سے بات کی تھی اور انھیں بتا دیا تھا کہ میں استعفیٰ دے رہا ہوں۔‘‘

کیپٹن امریندر سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
کیپٹن امریندر سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کئی مہینوں سے جاری تگ و دو کے بعد آج پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنا استعفیٰ نامہ گورنر بنواری لال پروہت کو سونپ دیا۔ آج صبح سے پنجاب میں جس طرح کی سیاسی سرگرمیاں چل رہی تھیں، اس سے اندازہ ہو گیا تھا کہ کیپٹن امریندر جلد ہی استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ آج شام 5 بجے کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ شروع ہوئی، لیکن اس سے پہلے ہی امریندر سنگھ نے راج بھون پہنچ کر گورنر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔

استعفیٰ دینے کے بعد کیپٹن امریندر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے صبح کانگریس صدر سے بات کی تھی اور انھیں بتا دیا تھا کہ میں استعفیٰ دے رہا ہوں۔‘‘ پنجاب کا اگلا وزیر اعلیٰ کون ہوگا، اس سلسلے میں سوال پوچھے جانے پر انھوں نے کہا کہ ’’میں نے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھیں (کانگریس صدر کو) جس پر اعتماد ہے اسے وزیر اعلیٰ بنائیں۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ استعفیٰ دینے سے قبل کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنے حامی اراکین اسمبلی کے ساتھ چنڈی گڑھ میں اپنی رہائش گاہ پر میٹنگ بھی کی۔ میٹنگ کے بعد ہی وہ اپنا استعفیٰ نامہ گورنر کو سونپنے کے لیے راج بھون پہنچے تھے۔ اس وقت قانون ساز پارٹی کی میٹنگ جاری ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ سے متعلق اعلان بھی کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔