پنجاب: وزیر اعلیٰ بھگونت مان کی کابینہ کی حلف برداری کل، 10 وزراء لیں گے حلف
پنجاب کی نئی حکومت میں جو لیڈران وزارتی عہدہ کا حلف لینے جا رہے ہیں، ان میں عآپ کے سینئر لیڈر ہرپال سنگھ چیما اہم ہیں۔
بھگونت گزشتہ دنوں پنجاب کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے چکے ہیں، اور اب ان کی کابینہ کی حلف برداری کی تیاری ہو رہی ہے۔ عآپ حکومت میں 10 اراکین اسمبلی ہفتہ کے روز وزارتی عہدہ کا حلف لیں گے۔ افسران نے جمعہ کے روز جانکاری دی کہ بھگونت مان کی کابینہ کے وزراء کی حلف برداری تقریب ہفتہ کی صبح 11 بجے پنجاب راج بھون میں منعقد ہوگی۔
وزیر اعلیٰ مان نے اپنی کابینہ میں شامل ہونے والے 10 اراکین اسمبلی کے نام اور ان کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ نئی کابینہ کل حلف برداری کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی نئی کابینہ کل حلف لے گی۔ پنجاب کی عآپ حکومت میں شامل ہونے والے سبھی وزراء کو بہت بہت مبارکباد۔ پنجاب کی عوام نے ہم سب کو بہت بڑی ذمہ داری دی ہے۔ ہمیں دن رات محنت کر لوگوں کی خدمت کرنی ہے۔ پنجاب کو ایک ایماندار حکومت دینی ہے۔ ہمیں رنگلا پنجاب بنانا ہے۔
پنجاب کی نئی حکومت میں جو لیڈران وزارتی عہدہ کا حلف لینے جا رہے ہیں، ان میں عآپ کے سینئر لیڈر ہرپال سنگھ چیما اہم ہیں۔ اس کے علاوہ بلجیت کور، ہربھجن سنگھ ایتو، وجے سنگھلا، لال سنگھ کٹروچک، گرمیت سنگھ میت ہایر، کلدیپ سنگھ دھالیوال، لالجیت سنگھ بھلر، برھم شنکر اور ہرجوت سنگھ بینس بھی وزارتی عہدہ کا حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب کابینہ میں وزیر اعلیٰ سمیت 18 وزراء ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف برداری کے بعد وزراء اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے اور دوپہر کے وقت عآپ حکومت کی پہلی کابینہ میٹنگ ہوگی۔ پنجاب کے گورنر بنواری لال پروہت نے گزشتہ بدھ کو بھگونت مان کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف دلایا تھا۔ اس بار کے اسمبلی انتخاب میں عآپ کو 117 رکنی اسمبلی میں 92 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔