پنجاب: وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے اپنے ’بدعنوان‘ وزیر کو کیا برخاست، اے سی بی کے ہاتھوں گرفتار

وزیر اعلیٰ مان نے کہا کہ وزیر صحت بدعنوانی میں ملوث ہیں اور ان کے پاس اس کے ثبوت موجود ہیں۔ بعد ازاں، وجے سنگلا کو اے سی بی (اینٹی کرپشن بیورو) نے گرفتار کر لیا۔

بھگونت مان / آئی اے این ایس
بھگونت مان / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

چنڈی گرھ: پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے منگل کے روز اپنے وزیر صحت وجے سنگلا کو بدعنوانی کے الزامات پر کابینہ سے برخاست کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر صحت بدعنوانی میں ملوث ہیں اور ان کے پاس اس کے ثبوت موجود ہیں۔ بعد ازاں، وجے سنگلا کو اے سی بی (اینٹی کرپشن بیورو) نے گرفتار کر لیا۔

خیال رہے کہ وجے سنگلا منسا اسمبلی سیٹ سے رکن ہیں اور بھگونت مان نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر کے خلاف الزام ہیں کہ وہ ہر سرکاری ٹنڈر سے ایک فیصد کمیشن کا مطالبہ کرتے تھے۔ مان کا کہنا ہے کہ ریاست میں بدعنوانی کے تئیں ’زیرو ٹالرنس پالیسی‘ برقرار رہے گی۔ وزیر اعلیٰ مان نے کہا ’’میں وزیر صحت وجے سنگلا کے خلاف سخت کارروائی کر رہا ہوں۔ انہیں اپنی کابینہ سے برخاست کر رہا ہوں۔ سنگلا نے غلطی کا اعتراف کیا ہے۔‘‘


وہیں، عام آدمی پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے اینٹی کرپشن ماڈل کے مطابق بڑا فیصلہ لیا گیا ہے۔ عآپ ایم پی راگھو چڈھا نے کہا کہ ان کی پارٹی واحد پارٹی ہے جس کے پاس بدعنوانی کی بنیاد پر اپنے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ایمانداری اور جرأت ہے۔ ہم نے دہلی میں دیکھا، اب پنجاب میں دیکھ رہے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب اسمبلی انتخابات میں عآپ کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی۔ جس کے بعد بھگونت مان کو ریاست کا وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا۔ عآپ اور بھگونت مان نے انتخابی مہم کے دوران ریاست سے بدعنوانی کو مکمل طور پر ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اب کرپشن کے ملزم سابق وزیر کو گرفتار بھی کرا دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔