انکتا قتل کیس: کلیدی ملزم پلکت آریہ پر گینگسٹر قانون کے تحت کارروائی ہوگی، ثبوت مٹانے کے سوال پر ڈی جی پی نے دیا یہ جواب

ڈی جی پی نے کہا کہ کیس کے لیے یہ آڈیو بہت اہم ہے۔ آڈیو کلپ واقعے کے بعد کی ہے اور اس میں ملزم جھوٹ بولتے ہوئے سنائی دے رہا ہے۔

چیلا بیراج سے انکتا کی لاش باہر نکالتی ریسکیو ٹیم / یو این آئی
چیلا بیراج سے انکتا کی لاش باہر نکالتی ریسکیو ٹیم / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

دہرادون: انکتا بھنڈاری قتل کیس میں ایک آڈیو کلپ منظر عام پر آئی ہے جس میں کلیدی ملزم پلکت آریہ کو مبینہ طور پر متاثرہ کے دوست پشپ سے بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ اڈیو کلپ سے ظاہر ہوتا ہے کہ انکتا کو قتل کرنے کے بعد ملزم پلکت مقتول کے دوست کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ آڈیو کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے اتراکھنڈ کے ڈی جی پی اشوک کمار نے کہا کہ پلکت کو ریمانڈ پر لے کر اس معاملے میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔

ڈی جی پی نے کہا کہ کیس کے لیے یہ آڈیو بہت اہم ہے۔ آڈیو کلپ واقعے کے بعد کی ہے اور اس میں ملزم جھوٹ بولتے ہوئے سنائی دے رہا ہے۔ وہ الٹا انکتا کے دوست پر یہ الزام عائد کر رہا ہے کہ کہیں لڑکی تمہارے ساتھ تو نہیں ہے! ایس آئی ٹی اس معاملہ کی تحقیقات کرے گی۔


ڈی جی پی نے کہا کہ پلکت کے خلاف پہلے ہی ایک مقدمہ درج ہے جو دھوکہ دہی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پلکت پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ چارج شیٹ جلد سے جلد دائر کی جائے لیکن ان کی یہ بھی کوشش رہے گی کہ کوئی ثبوت چھوٹنے نہ پائے۔

وہیں، ریزارٹ کو منہدم کیے جانے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ریزارٹ کو ثبوت مٹانے کے لیے گرایا گیا۔ شواہد کو ضائع نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ انکتا کی آخری رسومات ادا ہونے دیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ جلد آئے گی، جس کی بنیاد پر قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔