کولکاتا: ’شاہین باغ‘ کی طرز پر جاری خواتین کے احتجاج میں پی چدمبرم کی شرکت

کولکاتا کے پارک سرکس میدان پر گزشتہ 12 دنوں سے جاری دھرنے میں جمعہ کی رات کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے شرکت کی اور مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کولکاتا: شاہین باغ کی طرز پر مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا کے پارک سرکس میدان پر بھی سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج جاری ہے اور اس احتجاج میں شامل خواتین کی اکثریت مسلم ہے۔ گزشتہ 12 دنوں سے جاری دھرنے میں جمعہ کی رات کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے شرکت کی اور مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

سینئر کانگریسی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے گزشتہ رات پارک سرکس میدان میں جاری شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں شامل ہوئے۔ یہاں انہوں نے یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی ملک بھر میں جاری مظاہرین کے ساتھ ہے۔


گزشتہ شام پی چدمبرم کولکاتا میں ایک پارٹی لیڈر کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے، اس کے بعد تھوڑی دیر کے لئے پارک سرکس میدان بھی پہنچے، جہاں انہوں نے لوگوں سے بات چیت کی۔ پی چدمبرم نے کولکاتا میں سی اے اے، این آر سی اور این پی آر پر ریاستی لیڈران کے لئے ایک لیڈرشپ ٹریننگ کیمپ میں بھی شرکت کی۔


واضح رہے کہ 7 جنوری اچانک چند خواتین نے دہلی کے شاہین باغ کے طرز پر کولکاتا کے پارک سرکس میدان میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کا آغاز ہوا تھا۔ ابتداء میں خواتین کی تعداد کم تھی مگر وقت گزرنے کے ساتھ یہاں کا احتجاج ایک بڑی شکل اختیار کرتا چلا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں خواتین یہاں پہنچ رہی ہیں۔


دس دنوں بعد ممتا حکومت نے پارک سرکس میدان میں مظاہرین کے لئے ٹینٹ اور موبائل باتھ روم اور پانی فراہم کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ شروعاتی دنوں میں پولس نہ تو مائیک لگانے اور نہ ہی ٹینٹ لگانے کی اجازت دے رہی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔