ممبئی: پلوامہ حملہ کے خلاف لوگوں کا زبردست احتجاج، سینکڑوں لوگ ریلوے ٹریک پر جمع

دہشت گردانہ حملے کے خلاف ممبئی واقع نلّاسوپارا ریلوے اسٹیشن ٹریک پر لوگوں کی زبردست بھیڑ جمع ہو گئی ہے اور ٹرینوں کی آمد و رفت ٹھپ پڑی ہے۔ مقامی لوگ وہاں کھلی دکانوں کو بھی بند کروا رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے سے پورا ملک غمزدہ ہے اور لوگ اپنی اپنی طرح سے ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔ 16 فروری کی صبح مہاراشٹر میں بھی کچھ لوگوں نے احتجاج کے لیے ممبئی کے نلا سوپورا کا انتخاب کیا اور وہاں پہنچ کر ریلوے ٹریک کو پوری طرح سے جام کر دیا۔ بڑی تعداد میں ناراض لوگ علی الصبح ریلوے ٹریک پر پہنچ کر وہاں بیٹھ گئے جس کے سبب ریلوے کی آمد و رفت پوری طرح ٹھپ ہو گئی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ سے مشتعل لوگ بس اور آٹو رکشہ بھی رکوا رہے ہیں اور وہاں کھلی دکانوں کو بھی بند کرایا جا رہا ہے۔ ان احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور دفاتر کے لیے نکلے ملازمین بری طرح سڑکوں پر پھنس گئے ہیں۔ ریلوے ٹریک پر سینکڑوں کی تعداد میں بیٹھے لوگوں کی وجہ سے ٹرین کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے اسٹیشنوں پر بھی لوگوں کی بھیڑ لگاتار بڑھتی جا رہی ہے۔ یہاں افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جی آر پی، آر پی ایف کے اہلکار مظاہرین کو ہٹا کر ٹریک خالی کروانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن فی الحال انھیں کامیابی نہیں ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔