ممبئی میں وقف بل کے خلاف مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف سے 5 اکتوبر کو احتجاجی جلسہ

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے 5 اکتوبر کو اوقاف کی حفاظت اور وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں ممبئی میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ مشہور تعلیمی ادارہ انجمن اسلام میں منعقد کیا جائے گا

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ
user

یو این آئی

ممبئی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے 5 اکتوبر کو اوقاف کی حفاظت اور مجوزہ قانون (وقف ترمیمی بل) کی مخالفت میں ایک بڑا جلسہ عام ممبئی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ جنوبی ممبئی میں واقع مشہور تعلیمی ادارہ انجمن اسلام میں منعقد کیا جائے گا۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ممبئی میں مقیم اراکین و دیگر ہمدردان کی ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا، میٹنگ میں بورڈ کے مرکزی اکابرین کی ہدایت کے مطابق یہ بھی طے کیا گیا کہ اوقاف کے مسائل سے واقف کرانے اور نئے مجوزہ قانون کی خرابیوں کو واضح کرنے کے لئے مہاراشٹر کے سیاسی لیڈران سے ملاقات کی جائے۔

ساتھ ہی ممبئی و قرب جوار کے اُن ممبران پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کی جائے جنہیں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کا رکن بنایا گیا ہے چنانچہ اس سلسلے میں اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اوقاف کمیٹی برائے مہاراشٹر کے کنونیر مولانا محمود احمد خاں دریابادی نے بتایا ہے کہ 5 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس کے لئے ملک کے ممتاز علماء کرام، دانشوران اور ماہرین قانون کو دعوت دی جا رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ اس سلسلے کی مزید تفصیلات سے وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ اراکین بورڈ نے علماء کرام و ائمہ مساجد سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ اپنے بیانات و خطبات میں اوقاف کی اہمیت ضرورت اور فضائل سے عوام کو آگاہ کرتے رہیں۔ انجمن اسلام کی میٹنگ میں ڈاکٹر ظہیر قاضی، مفتی سعید الرحمان، سلیم موٹر والا، مولانا برہان الدین قاسمی، مولانا رشید احمد، حافظ اقبال چونا والا، شاکر شیخ ڈاکٹر عظیم الدین، تحقیق الرحمن و دیگر شریک تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔