گنا بقایہ کی ادائیگی نہ ہونے پر کسان حکومت سے ناراض، امروہہ میں غیرمعینہ دھرنا
مغربی یوپی کے کسان گنے کے بقایہ کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے بری طرح ناراض ہیں، مراد آباد ڈویزن کے کسان احتجاج و مظاہرہ کرنے کو مجبور ہیں۔
دھرنا دے رہے کسان تڑپ کر کہتے ہیں، ’اب معلوم ہوا کہ ہمارے ہم وطن بی جے پی کو ووٹ کیوں نہیں دیتے تھے۔‘
امروہہ: مودی حکومت اور صوبے کی یوگی حکومت بار بار یہ دعوی کرتی ہے کہ اس نے کسانون کے لئے بہت کچھ کیا ہے اور گنے کا بقایہ ادا کر دیا گیا ہے لیکن زمینی حقیقت اس کے بر عکس ہے۔ کسانوں کی حالات بد سے بدترین ہوتی جا رہی ہے اور ان کے مطالبات نہیں سنے جا رہے۔ مغربی یوپی کے کسان گنے کے بقایہ کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے بری طرح برہم ہیں، مراد آباد ڈویزن کے کسان احتجاج و مظاہرہ کرنے کو مجبور ہیں۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ بار بار مطالبہ کرنے کے باوجود گنا بقایہ کی ادائیگی نہیں کی ہے اور ان سے حکومت نے جھوٹے وعدوں کئے ہیں جن سے تنگ آکر وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ مرادآباد ڈویزن کی بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) اور حلقے کے کسانوں نے ضلع ہیڈ کوارٹروں پر ڈیرہ ڈالا ہوا ہے اور غیرمعینہ مدت کے لئے دھرنا دے رہے ہیں۔ کسان امروہہ، رامپور، بجنور اور دیگر اضلاع میں گنے کی بقایہ جات جلد سے جلد ادا کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کسان دھرنا اور مظاہرے کے ساتھ ساتھ مخصوص مقامات پر گنے کی ہولی جلاکر بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
امروہہ کلکٹریٹ پر تو کسانوں نے پوری طرح قبضہ کر لیا ہے۔ یہاں کسان یونین کے لیڈران نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی اور صوبائی حکومتیں پوری طرح کسان مخالف ہیں جو بار بار جھوٹے وعدے کر کے کسانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ 15 دن میں گنے کی ادائیگی کا وعدہ کرنے والے یوگی آدیتہ ناتھ اب خاموش ہیں انھیں کسانوں کی ہو رہی بد سے بدتر حالت سے کوئی مطلب نہیں ہے۔
کسانوں نے کہا، ’’اب معلوم ہوا کہ لوگ بی جے پی کو ووٹ کیوں نہیں دیتے تھے کیوں کہ یہ پارٹی کسی کی نہیں ہے۔ جھوٹے اور بے ایمان لوگ فریب سے اقتدار پر قابض ہو گئے ہیں جو پورے ملک کے عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔‘‘ کسانوں نے مزید کہا کہ اس مرتبہ وہ بی جے پی کو اس کی اوقات بتادیں گے۔
یاد رہے کہ کسانوں کا دھرنا گزشتہ چار روز سے جاری ہے اور کسان اس میں شدت لا رہے ہیں۔ کسانوں کی جانب سے چوراہوں اور کھیتوں پر گنے کی ہولی جلاکر اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے سے ضلع انتظامیہ کے ہاتھ پاؤں پھول رہے ہیں، لیکن صوبائی یا مرکزی حکومت کی طرف سے تاحال کوئی بھی پیش قدمی دکھائی نہیں دے رہی ہے- کسانوں کا دھرنا مسلسل جاری ہے اور ان کا قیام و طعام سب کلکٹریٹ پر ہی ہو رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔