سماج کے ہر طبقے کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح: مودی
وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں معذورین کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آلات آپ کے زندگی کی مشکلوں میں کچھ مدد کریں گے۔ یہ محض معاون آلات ہیں۔ آپ کی ہمت، حوصلہ ہی کافی اہم ہے۔
الہ آباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت بلا تفریق سماج کے ہر طبقے کی فلاح کے لئے کام کر رہی ہے۔ 130 کروڑ ہندوستانیوں کے مفاد کا تحفظ کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اتر پردیش کے دو اضلاع کے دورے پر پہلے الہ آباد پہنچے وزیراعظم نریندر مودی نے دس معذورین کو اپنے ہاتھوں سے آلات دینے کے بعد ان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پردھان سیوک کے طور پر مجھے ہزاروں معذورین اور بزرگوں کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔ آج اس خصوصی تقریب میں تقریباً 27 ہزار افراد کو آلات دیئے گئے۔
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی اترپردیش کے دو اضلاع کے دورے پر سنیچر کی صبح خصوصی طیارے سے 10:30 بجے بمرولی ائیر پورٹ پہنچے۔ جہاں پر گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کا استقبال کیا۔ ائیر پورٹ سے وزیر اعظم بذریعہ ہیلی کاپٹر پریڈ میدان پہنچے۔ پریاگ راج کے بعد وہ چترکوٹ کے لئے روانہ ہوگئے جہاں پر وہ بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کی سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں معذورین کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آلات آپ کے زندگی کی مشکلوں میں کچھ مدد کریں گے۔ یہ محض معاون آلات ہیں۔ آپ کی ہمت، حوصلہ ہی کافی اہم ہے۔ آپ کی زندگی کو اگر کوئی باریکی سے دیکھے تو ہر کسی کے لئے اس میں ترغیب کی وجہ چھپی ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے معذورین کے لئے جس جذبے کے ساتھ کام کیا ہے اور فیصلے کیے ہیں اس کی جتنی تشہیر ہونی چاہیے تھی وہ نہیں کی گئی۔ ہماری حکومت ہی ہے جس نے پہلی بار معذورین کے حقوق کے لئے قانون نافذ کیا۔ معذورین کے زمرہ بندی کو سات سے بڑھا کر 21 کردیا گیا۔ معذورین پر ظلم و ستم اور مذاق کے شقوں کو مزید سخت کیا گیا۔ اعلی تعلیمی اداروں میں داخلے کے ریزرویشن کو تین فیصد بڑھا کر پانچ فیصد کردیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔