پروپیگنڈہ اور جھوٹ ہی بی جے پی-آر ایس ایس کی بنیاد، پورا ہندوستان ان کی تاریخ سے واقف: راہل گاندھی
ملک کے موجودہ حالات کو لے کر کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے، انھوں نے کہا کہ بی جے پی-آر ایس ایس کی تاریخ ہی نفرت پھیلانے والی رہی ہے۔
ملک کے موجودہ حالات کو لے کر کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی-آر ایس ایس کی تاریخ ہی نفرت پھیلانے والی رہی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کو نفرت کی آگ میں جھونک کر ہاتھ سینکنے والی بی جے پی اور آر ایس ایس کے اس کرتوت کو اب پورا ہندوستان جانتا ہے۔ انھوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کا موازنہ غدارِ وطن سے کی۔
راہل گاندھی نے بی جے پی پر تلخ حملہ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’پروپیگنڈہ اور جھوٹ ہی بی جے پی-آر ایس ایس کی بنیاد ہے۔ ملک کو نفرت کی آگ میں جھونک کر ہاتھ سینکنے والی بی جے پی-آر ایس ایس کی تاریخ سے پورا ہندوستان واقف ہے۔ یہ غدارِ وطن چاہے جتنا توڑنے کا کام کر لیں، کانگریس اس سے زیادہ ہندوستان جوڑنے کا کام کرتی رہے گی۔‘‘
واضح رہے کہ جمعہ کو سپریم کورٹ نے پیغمبر محمدؐ کو لے کر بی جے پی کی معطل لیڈر نوپور شرما کے تبصرہ پر زبردست پھٹکار لگائی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ نوپور شرما نے اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان سے ملک بھر میں لوگوں کے جذبات کو مشتعل کیا ہے۔ ان کے بیان نے ملک میں آگ لگا دی ہے۔ آج ملک میں جو ماحول بگڑا ہوا ہے، اس کے لیے وہ واحد ذمہ دار ہے۔ ادے پور میں ہوا قتل بھی ان کے ایسے ہی بیان کا نتیجہ ہے۔ بحث مین انھیں اکسانے کی کوشش ہوئی، لیکن اس کے بعد انھوں نے جو کچھ کہا، وہ شرمناک ہے۔ انھیں پورے ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔
عدالت عظمیٰ کے اس تبصرہ کے بعد اپوزیشن پارٹیاں لگاتار بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ نوبل انعام یافتہ امرتیہ سین نے بھی جمعہ کو ملک کے موجودہ حالات پر فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگوں میں مذہبی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ سب میں اتحاد بنائے رکھنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ امرتیہ سین نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ اگر مجھ سے کوئی پوچھے گا کہ کیا مجھے کسی چیز سے ڈر لگتا ہے؟ میں کہوں گا، ہاں۔ ڈرنے کی ایک وجہ ہے۔ ملک کے موجودہ حالات ڈر کی وجہ بن گئے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔