تنوع میں اتحاد کے لیے ثقافتی تبادلے کو فروغ ملے: گہلوت
اشوک گہلوت نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کی توانائی کو تخلیقی کاموں میں لانے کی سمت میں نہرو یوا کیندر تنظیم بڑا رول ادا کر رہی ہے۔
جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ذات، مذہب، زبان اور بولی سمیت تمام تنوع سے بھرے ہمارے ملک میں اتحاد کے دھاگے کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اشوک گہلوت آج وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر نہرو یووا کیندر تنظیم کے زیر اہتمام 13 ویں قبائلی نوجوانوں کے کلچرل ایکسچینج پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ کو اس سمت میں پہل کرنی چاہئے تاکہ ملک کی مختلف ریاستوں کے نوجوانوں اور بچوں کے لئے زیادہ سے کلچرل ایکسچینج پروگرام چلائے جا سکیں۔ اس سے نوجوان ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور تنوع میں اتحاد کا جذبہ مزید مضبوط ہو گا۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کی توانائی کو تخلیقی کاموں میں لانے کی سمت میں نہرو یوا کیندر تنظیم بڑا رول ادا کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت نے ریاست کے ضلع پرتاپ گڑھ ضلع میں نہرو یوا کیندر کے دفتر کے قیام کے لیے مرکزی حکومت کو خط لکھا ہے۔ اگر اسے منظوری نہیں ملتی تو یہاں کے نوجوانوں کو تخلیقی کاموں سے جوڑنے کے مقصد سے ریاستی حکومت اپنی سطح پر اس کے لیے وسائل فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : کیسا ہوگا سن 2022!... ظفر آغا
انہوں نے کہا کہ تبادلہ پروگرام کے تحت آنے والے ان نوجوانوں کو ریاست کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب کے بارے میں جانکاری حاصل کرنی چاہئے، اس کے لئے ضروری ہے کہ انہیں جے پور کے ساتھ ساتھ ریاست کے دیگر مقامات کے دورے کے لئے بھی بھیجا جائے۔ ریاستی حکومت اس کے لیے انتظامات کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔