اتراکھنڈ میں محکمہ روزگار کھولنے کا وعدہ ’انتخابی جملہ‘، دہلی میں کیجریوال نے 7 سالوں میں صرف 440 ملازمتیں دیں: کانگریس

دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ اروند کیجریوال کے ذریعہ اتراکھنڈ میں ہر گھر روزگار گارنٹی کے اعلان پر خود ہی سوالیہ نشان لگ جاتا ہے کیونکہ دہلی میں 7 سالوں میں صرف 440 ملازمتیں محکمہ روزگار نے دیں۔

دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار
دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار
user

قومی آواز بیورو

عآپ سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ذریعہ آئندہ اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کیے جا رہے وعدوں کو لے کر دہلی ریاستی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے دہلی میں کیے گئے وعدے تو پورے نہیں کیے، اب دوسری ریاستوں میں وعدے کر رہے ہیں جو کہ ’انتخابی جملے‘ ثابت ہوں گے۔ چودھری انل نے کہا کہ کیجریوال اتراکھنڈ میں اپنا سیاسی مفاد حاصل کرنے کے لیے 6 گارنٹی پروگراموں کو نافذ کرنے کا جھوٹا وعدہ کر رہے ہیں، اور یہ وعدے اتراکھنڈ کے باشندوں کو دہلی والوں کی طرح دھوکہ دینے کی بنیاد کے علاوہ کچھ نہیں۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انل کمار نے کہا کہ اروند کیجریوال کے ذریعہ اتراکھنڈ میں ہر گھر روزگار گارنٹی کے اعلان پر خود ہی سوالیہ نشان لگ جاتا ہے کیونکہ دہلی میں عآپ کے منشور میں 8 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، جب کہ آر ٹی آئی کے مطابق دہلی میں 7 سالوں کی حکومت میں صرف 440 ملازمتیں محکمہ روزگار نے دیں۔ چودھری انل نے مزید کہا کہ جھوٹے وعدے کرنے والے کیجریوال نے اتراکھنڈ میں ہجرت روکنے کے لیے روزگار و ہجرت وزارت تشکیل دینے کی بات کہی ہے، لیکن دہلی حکومت میں روزگار کا انتظام دیکھنے والے روزگار دفتر میں خود 84 فیصد عہدے خالی پڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیجریوال بتائیں کہ دہلی میں 440 نوجوانوں میں سے کتنے اتراکھنڈ کے نوجوانوں کو روزگار دیا گیا؟


دہلی کانگریس صدر چودھری انل نے کیجریوال پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اتراکھنڈ میں پرائیویٹ سیکٹر میں ملازمت کے لیے جاب پورٹل کا وعدہ کرنے والے کیجریوال نے دہلی میں نوجوانوں کو کووڈ بحران میں پرائیویٹ اداروں میں ملازمت دلانے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کر کے جاب پورٹل شروع کیا جس میں 13 لاکھ 27 ہزار 61 بے روزگار نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا، لیکن صرف 3896 نوجوانوں کو روزگار ملا۔ چودھری انل نے اتراکھنڈ کے نوجوانوں کو کیجریوال کے ذریعہ فی ماہ 5 ہزار روپے دینے کے وعدہ پر حملہ کیا، اور سوال پوچھا کہ دہلی کے نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کرنے کے بعد کتنے بے روزگاروں کو بے روزگاری بھتہ دیا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال جاب پورٹل پر رجسٹریشن کرانے والے 13 لاکھ 27 ہزار 61 بے روزگار نوجوانوں کو فوری اثر سے 7000 روپے ماہانہ بے روزگاری بھتہ دینا شروع کریں۔

چودھری انل کمار نے کہا کہ شفاف حکومت اور بدعنوانی سے پاک حکومت کا دعویٰ کر کے دہلی کا اقتدار حاصل کرنے والے اروند کیجریوال کی تاریخ رہی ہے کہ انھوں نے دہلی کے باشندوں سے کیے گئے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا، اور اب اپنے سیاسی مفادات کے سبب دیگر ریاستوں میں اقتدار حاصل کرنے کے لیے جھوٹے اور بے بنیاد اعلانات کر کے وہاں کے لوگوں کو ہر سہولت مفت میں دینے کا وعدہ کر کے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔