عالمی یوم اُردو کی اہم تقریب دہلی میں ہوگی منعقد
اس سال شائع ہونے والے دستاویزی مجلہ کو ہندوستان کے عظیم ادبی سپوت منشی پریم چند سے منسوب کیا گیا ہے۔
نئی دہلی: عالمی یوم اردو کی اہم تقریب اس سال دہلی میں منعقد کی جائے گی۔ یہ اطلاع عالمی یومِ اردو آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے دی ہے۔
ڈاکٹر خان نے آج یہاں جاری ایک بیان میں بتایا کہ اس سال ’عالمی یومِ اُردو‘ کی سب سے بڑی تقریب غالب اکیڈمی، بستی حضرت نظام الدین، نئی دہلی میں 9 نومبر 2019 کو منعقد ہوگی۔ جبکہ ملک و بیرون ملک جہاں اردو کے چاہنے والے موجود ہیں، وہ اپنے اپنے مقام پر 9 نومبر کو اُردو ڈے منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی یقیناً خوش آئند ہے کہ ملک کے مختلف صوبوں سے اُردو ڈے منائے جانے کے سلسلے میں لوگ رابطہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی عالمی یوم اردو کے موقع پرا ردو زبان و ادب کے حوالے سے گراں قدر خدمات انجام دینے والوں کو ایوارڈز د یئے جائیں گے جبکہ اس موقع ایک مجلہ بھی شائع کیا جائے گا۔ اس سال شائع ہونے والے دستاویزی مجلہ کو ہندوستان کے عظیم ادبی سپوت منشی پریم چند سے منسوب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور یونائٹیڈ مسلم آف انڈیا کی جانب سے 1997 سے تسلسل کے ساتھ 9 نومبر کو اردو ڈے منانے کا اہتمام بحسن و خوبی انجام پا رہا ہے۔ 9 نومبر کو علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ’عالمی یوم اردو‘ کی یہ تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 Aug 2019, 7:46 AM