پروفیسر نیلوفر خان نے کشمیر یونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلر بننے کا فخر حاصل کیا
کشمیر یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر کی تلاش کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے لیے انڈین ایسو سی ایشن آف یونیورسٹی کے جنرل سکریٹری پنکج متل کو سرچ کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا تھا۔
پروفیسر نیلوفر خان کو کشمیر یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ نیلوفر خان کشمیر یونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہوں گی۔ ابھی وہ ہوم سائنس ڈپارٹمنٹ کی پروفیسر ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر سکریٹریٹ نے جمعرات کو دوپہر جاری ایک حکم میں کہا کہ ’’کشمیر اور جموں یونیورسٹی ایکٹ، 1969 کی دفعہ 12 کے تحت مجھے حاصل قوتوں کا استعمال کرتے ہوئے، میں منوج سنہا، چانسلر، کشمیر یونیورسٹی، پروفیسر نیلوفر خان کو کشمیر یونیورسٹی کی وائس چانسلر مقرر کرتا ہوں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر سکریٹریٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ پروفیسر نیلوفر خان 3 سال تک وائس چانسلر بنی رہیں گی، جس کی مدت کار ذمہ داری سنبھالنے کے دن سے اثرانداز ہوگی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ شرائط و ضوابط کو الگ سے نوٹیفائیڈ کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ نیلوفر خان کشمیر یونیورسٹی میں ہوم سائنس ڈپارٹمنٹ میں پروفیسر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ وہ پروفیسر طلعت احمد کی جگہ لیں گی جن کی تین سال کی مدت کار 5 اگست 2021 کو ختم ہوئی تھی۔ پروفیسر طلعت کی مدت کار ختم ہونے کے بعد سے وائس چانسلر کا عہدہ خالی پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب: 84 ہزار پھولوں سے سجا گل دستہ گینز بک میں شامل
واضح رہے کہ کشمیر یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر کی تلاش کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے لیے انڈین ایسو سی ایشن آف یونیورسٹی کے جنرل سکریٹری پنکج متل کو سرچ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر اور ایم اے این یو یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد میاں سرچ اس کمیٹی کے رکن بنائے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔