عدالتوں سے جانچ ایجنسیاں جھوٹ بول رہیں، حریفوں کو نشانہ بنانے کے لیے سی بی آئی-ای ڈی کا استعمال ہو رہا: کیجریوال

منیش سسودیا کی گرفتاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ ایجنسیوں کو ناجائز طور پر حاصل دولت کا ایک پیسہ بھی نہیں ملا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی آبکاری پالیسی گھوٹالہ معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ سمن کیے جانے کے ایک دن بعد وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ ایجنسیاں عدالتوں سے جھوٹ بول رہی ہیں اور جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان پر ظلم کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ سی بی آئی اور ای ڈی جیسی مرکزی جانچ ایجنسیاں اپنے مضبوط سیاسی حریفوں کو نشانہ بنانے کے لیے حد سے اوپر تک جا رہی ہیں۔

عآپ لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری اور چار مہینوں کی جانچ کا تذکرہ کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ ان ایجنسیوں نے عدالتوں میں جھوٹا حلف نامہ دیا ہے کہ 14 فون تباہ کر دیئے گئے۔ انھوں نے کہا کہ مشتبہ افراد پر ظلم کر ان سے جھوٹا قبول نامہ کرایا گیا۔


سسودیا کی گرفتاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایجنسیوں کو ناجائز طور سے حاصل دولت کا ایک پیسہ بھی نہیں ملا ہے، اور وہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ شراب گھوٹالہ سے پیسہ اکٹھا کیا گیا تھا۔ جب انھیں چھاپہ ماری میں کچھ نہیں ملا تو انھوں نے کہا کہ پیسہ ہمارے گوا انتخابی مہم میں لگایا گیا تھا۔ اس کا ثبوت کہاں ہے؟ ہماری سبھی ادائیگیاں چیک سے ہوئی تھیں۔ مجھے 100 کروڑ روپے کا ایک روپیہ دکھاؤ جس کا آپ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہمیں حاصل ہوا۔

کیجریوال نے سوال کیا کہ اگر میں بغیر ثبوت کے کہوں کہ میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو 17 ستمبر کو شام 7 بجے 1000 کروڑ روپے کی ادائیگی کی، تو کیا آپ انھیں گرفتار کریں گے؟ وہ پالیسی، جسے وہ بدعنوانی کہتے ہیں، پنجاب میں نافذ کی گئی اور اس کے نتیجہ میں ریوینیو میں 50 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ ایک گیم-چینجنگ اور شفاف پالیسی تھی۔ انھوں نے کہا کہ بلائے جانے پر وہ اتوار کو پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔