راہل کے بغل والے کمرے میں بیٹھیں گی پرینکا، کبھی اسی کمرے میں بیٹھتے تھے راہل
جنرل سکریٹری بننے کے بعد پرینکا گاندھی کو کانگریس صدردفتر میں پارٹی صدر راہل گاندھی کے ٹھیک بغل والا کمرہ ملا ہے۔ اس کمرے کی خاص بات یہ ہے کہ جب راہل گاندھی جنرل سکریٹری تھے تو وہ یہیں بیٹھا کرتے تھے۔
کانگریس کی نومنتخب جنرل سکریٹری اور مشرقی اتر پردیش کی انچارج بنائی گئیں پرینکا گاندھی کو دہلی واقع کانگریس صدر دفتر میں بیٹھنے کے لیے کمرہ الاٹ کر دیا گیا ہے۔ پارٹی صدر دفتر میں پرینکا کو کانگریس صدر راہل گاندھی کے ٹھیک بغل والا کمرہ ملا ہے۔ اس کمرے کی خاص بات یہ ہے کہ پہلے جب راہل گاندھی جنرل سکریٹری تھے تو اسی کمرے میں بیٹھا کرتے تھے۔ کمرے کے باہر پرینکا گاندھی کے نام کی تختی بھی لگا دی گئی ہے۔
اس سے قبل پیر کے روز پرینکا گاندھی نے تغلق روڈ واقع راہل گاندھی کی رہائش پر پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ کانگریس صدر نے بھی لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے جائزہ کے لیے جمعرات کو کانگریس جنرل سکریٹریوں اور ریاستی انچارج کی میٹنگ بلائی ہے۔ خبروں کے مطابق اس میٹنگ میں پرینکا گاندھی بھی موجود رہیں گی۔
غور طلب ہے کہ پارٹی جنرل سکریٹری اور مشرقی اتر پردیش کی انچارج بنائے جانے کے وقت پرینکا گاندھی یہاں نہیں تھیں۔ ایسے میں مانا جا رہا ہے کہ 7 فروری کی میٹنگ کے بعد وہ علاقے کے دورہ پر نکل جائیں گی۔ دراصل جس مشرقی یو پی کی کمان پرینکا گاندھی کو ملی ہے اس حلقہ میں بی جے پی کے کئی نامور لیڈروں کا اثر رہا ہے۔
خود پی ایم نریندر مودی اور ریاست کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کا انتخابی حلقہ اس علاقے میں پڑتا ہے۔ ایسے میں اس حلقہ میں کانگریس کی زمین مضبوط کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ اسی کے پیش نظر اس علاقے کی ذمہ داری پرینکا گاندھی کو دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔