پرینکا گاندھی کا وائناڈ کے لوگوں کو خط، ’آپ میرے رہنما اور استاد ہیں‘
پرینکا گاندھی نے وائناد کے لوگوں کے نام خط تحریر کیا ہے، جس میں انہوں نے وائناد کی کمیونٹی کو ان کے صبر، حوصلے اور باہمی تعاون پر سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کے لیے کام کریں گی
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وائناڈ کے لوگوں کے لیے ایک خصوصی خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے ان کی ہمت، باہمی تعاون اور معاشرتی اقدار کو بھرپور انداز میں سراہا۔ یہ خط، جو ملیالم اور انگریزی زبان میں لکھا گیا ہے وائناڈ کے ہر گھر میں پہنچایا جائے گا۔ پرینکا نے اپنے بھائی راہل گاندھی کے ساتھ وائناڈ کے تباہ شدہ علاقوں کا دورہ یاد کرتے ہوئے لکھا کہ چورامالا اور منڈکّے میں زمین کھسکنے کی تباہ کاریوں کے بعد انہوں نے وائناڈ کے لوگوں کا بے مثال صبر اور حوصلہ دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں کمیونٹی نے باہمی تعاون اور انسانیت کی اعلیٰ اقدار کا عملی نمونہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحے کے دوران انہوں نے معصوم بچوں، ماؤں، اور خاندانوں کو دیکھا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، مگر اس کے باوجود یہ کمیونٹی صبر و تحمل سے کام لیتی رہی۔ ڈاکٹر، رضاکار، سماجی کارکن، اساتذہ، نرسیں اور گھریلو خواتین نے ایک دوسرے کی مدد کے لیے جو جذبہ دکھایا، اس نے انہیں دل سے متاثر کیا۔
پرینکا گاندھی نے خط میں لکھا کہ وائناڈ کے عوام کی بے پناہ محبت اور راہل گاندھی کے ساتھ ان کے جذباتی تعلق نے ان کو اس مقام پر پہنچایا کہ وہ خود کو ان کا نمائندہ بننے کے لیے اہل تصور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا عزم ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو پارلیمنٹ میں بھرپور انداز میں پیش کریں گی اور عوامی نمائندہ کے طور پر ان کی زندگیوں اور مشکلات کو سمجھنے کی کوشش کریں گی۔
پرینکا گاندھی نے وائناڈ کی زراعتی اور قبائلی کمیونٹی کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کے حل کے لیے کام کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پرینکا نے وائناڈ کے لوگوں کو اس سفر میں اپنے استاد اور رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی راہنمائی میں عوام کی خدمت کا عزم رکھتی ہیں۔
پرینکا گاندھی نے امید ظاہر کی کہ وائناڈ کے عوام انہیں پارلیمنٹ میں نمائندہ بنانے کا موقع دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت، انصاف اور آئین کی اقدار کے لیے ان کا عزم زندگی کا مرکز ہے اور عوام کے تعاون سے وہ ان اصولوں کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔