غزہ میں اسرائیل کی بربریت پر پرینکا گاندھی کا تبصرہ، ’ایک پورے ملک کا صفایا ہو رہا ہے!‘

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے غزہ میں بے رحمانہ بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ بین الاقوامی برادری کے ایک رکن کے طور پر یہ ہندوستان کا فرض ہے کہ وہ حق کے لیے کھڑا ہو

<div class="paragraphs"><p>غزہ میں بمباری کی ایک تصویر، آئی اے این ایس </p></div>

غزہ میں بمباری کی ایک تصویر، آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو غزہ میں بے رحمانہ بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ بین الاقوامی برادری کے ایک رکن کے طور پر یہ ہندوستان کا فرض ہے کہ وہ حق کے لیے کھڑا ہو۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک پوسٹ میں کہا کہ 16 ہزار بے گناہ شہری مارے گئے ہیں جن میں تقریباً 10 ہزار بچے، 60 سے زیادہ صحافی اور سینکڑوں طبی کارکن شامل ہیں۔

انہوں نے کہا, ’’ایک پورے ملک کا صفایا کیا جا رہا ہے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے سوال کیا، "یہ ہم میں سے باقی لوگوں کی طرح ہی خواب اور امیدیں رکھنے والے لوگ ہیں۔ انہیں ہماری آنکھوں کے سامنے بے دردی سے مارا جا رہا ہے۔ ہماری انسانیت کہاں ہے؟‘‘

انہوں نے کہا، ’’ہندوستان نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر جو صحیح ہے اس کے لیے کھڑا ہوا ہے۔ ہم نے جنوبی افریقہ کی نسل پرست حکومت کے خلاف پابندیوں کے لیے جدوجہد کی، ہم نے آزادی کی طویل جدوجہد کے آغاز سے ہی فلسطین میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی حمایت کی۔ اور اب ہم پیچھے کھڑے رہتے ہیں اور کچھ نہیں کر رہے جبکہ نسل کشی کے ذریعے زمین سے ان کا وجود مٹایا جا رہا ہے؟


انہوں نے کہا، ’’بین الاقوامی برادری کے ایک رکن کے طور پر یہ ہندوستان کا فرض ہے کہ وہ جو صحیح ہے اس کے لیے کھڑا ہو۔ ہمیں جلد از جلد جنگ بندی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔‘‘

ان کا یہ تبصرہ اسرائیل کے جنوبی غزہ میں حملوں میں شدت کے بعد سامنے آیا ہے۔ آئی ڈی ایف نے سات روزہ جنگ بندی کے بعد یکم دسمبر سے پھر سے بمباری شروع کر دی اور غزہ میں داخل ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔