پرینکا گاندھی نے وزیر خزانہ سیتا رمن پر سادھا نشانہ، چوک یا انتخاب کے پیش نظر واپس لیا فیصلہ؟

بدھ کے روز وزارت خزانہ نے چھوٹی بچت اسکیموں پر شرح سود میں آدھے فیصد سے ایک فیصد کی کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس سے پی پی ایف پر شرح سود 46 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو حکومت کی جانب سے چوبیس گھنٹوں کے اندر اعلان کردہ چھوٹی بچت اسکیموں پر نئی سود کی شرح واپس لینے پر طنز کرتے ہوئے یہ پوچھا کہ واقعی یہ ایک غلطی تھی یا الیکشن پر مبنی اقدام؟ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر تے ہوئے کہا کہ سچ میں سیتا رمن، حکومت ہند کی اسکیموں پر سود کی شرحوں کو کم کرنے کا حکم جاری کرنے میں کوئی غلطی ہوئی تھی یا انتخاب کے پیش نظر اسے واپس لے لیا گیا؟"

پرینکا گاندھی کا یہ تبصرہ جمعرات کے روز سیتارامن کے یہ کہنے کے بعد آیا کہ "حکومت ہند کی چھوٹی بچت اسکیموں کے سود کی شرح وہی رہیں گی جو 2020-21 کی آخری سہ ماہی میں تھیں، یعنی جو مارچ 2021 کے نرخ تھے۔ غلطی سے جاری حکم کو واپس لیا جائے گا۔‘‘ بدھ کے روز وزارت خزانہ نے چھوٹی بچت اسکیموں پر شرح سود میں آدھے فیصد سے ایک فیصد کی کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس سے پی پی ایف پر شرح سود 46 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔ اس طرح 46 برسوں میں پہلی مرتبہ شرح سود 7 فیصد سے کم ہوکر 6.4 فیصد پر آگئی تھی۔ اسی طرح نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹ پر بھی شرح سود 6.8 فیصد سے کم کر 5.9 فیصد کردی گئی تھی۔


کانگریس کے قومی میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی ایک ٹوئٹ میں حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "میڈم وزیر خزانہ، کیا آپ 'سرکس' چلا رہی ہیں یا کوئی 'حکومت'؟ ایسے میں کوئی بھی معیشت کے کام کاج کا تصور کرسکتا ہے، جب کروڑوں افراد پر اثر انداز ہونے والا اس طرح کا باضابطہ حکم 'چوک' کے ساتھ جاری کیا جاتا ہے۔ حکم میں جس مجاز افسر کا ذکر کیا گیا ہے وہ کون ہے؟ آپ کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے بنے رہنے کا اب اخلاقی حق نہیں ہے‘‘۔

حکومت نے 24 گھنٹے کے اندر چھوٹی بچت اسکیموں پر شرح سود میں کٹوتی کے فیصلے کو واپس لے لیا ہے، وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے جمعرات کے روز اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2020-21 کی آخری سہ ماہی میں چھوٹی بچت اسکیموں پر جس شرح سے سود مل رہا تھا ، وہ شرح سود 2021-22 کی پہلی سہ ماہی میں بھی برقرار رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔