پرینکا گاندھی کا کل غازی آباد میں روڈ شو، ڈالی شرما کے لئے مانگیں گی ووٹ
راگھو سنگلا نے میڈیا کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ 8 اپریل کو راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سہارنپور کے دورے پر ہوں گے اور سہارنپور سے کانگریس امیدوار عمران مسعود کے حق میں مہم جوئی کریں گے۔
لوک سبھا انتخابات 2019 کے تحت پہلے مرحلہ کی پولنگ 11 اپریل کو ہونے جا رہی ہے۔ اسی دن این سی آر کے غازی آباد میں ووٹنگ ہوگی۔ اسی کے پیش نظر پرینکا گاندھی 5 اپریل کو غازی آباد میں روڈ شو کریں گی اور کانگریس کی امیدوار ڈالی شرما کے لئے ووٹ مانگیں گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ غازی آباد میں پرینکا کا روڈ شو دوپہر تین بجے دودھیشور ناتھ مندر سے شروع ہوگا۔ اس کے بعد وہ گھنٹہ گھر پر شہید بھگت سنگھ کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے اناج منڈی سے گزریں گی اور ڈاسنا گیٹ کے بعد نویگ مارکٹ پہنچیں گی، جہاں روڈ شو اختتام پزیر ہو جائے گا۔ پرینکا گاندھی یہاں ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گی۔
وہیں کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی اپنے اتر پردیش کے دونوں انچارج پرینکا گاندھی اور جیوترادتیہ سندھیا کے ہمراہ 8 اپریل سے مغربی یوپی کے دورہ پر ہوں گے۔
کانگریس کے مغربی اتر پردیش حلقے کے نائب انچارج راگھو سنگلا نے میڈیا کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ 8 اپریل کو راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سہارنپور کے دورے پر ہوں گے اور سہارنپور سے کانگریس امیدوار عمرا ن مسعود کے حق میں مہم جوئی کریں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے مغربی اتر پردیش انچارج جیوترادتیہ سندھیا بھی موجود رہیں گے۔
راگھو سنگلا نے کہا، ’’اتر پردیش میں کانگریس کو ہلکے میں لینا مناسب نہیں ہے کیونکہ سیاست میں ماحول بدلتا رہتا ہے اور آج ریاست کے عوام ایک بار پھر کانگریس کی طرف امید سے دیکھ رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس مغربی اترپردیش کی 28 میں سے کم از کم 12 سیٹوں پر جیت درج کرنے جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Apr 2019, 7:10 PM