سوز کے ساتھ قیدیوں جیسا سلوک، کشمیر میں ایک سال سے تاناشاہی قائم: پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا کہ سیف الدین سوز صاحب نے ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے، ان کے ساتھ قیدی جیسا سلوک کر کے بی جے پی حکومت جمہوریت کو نیست و نابود کر رہی ہے۔
جموں و کشمیر کے کانگریس لیڈر ڈاکٹر سیف الدین سوز کی نظربندی کا معاملہ طول پکڑنے لگا ہے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سوز کی نظر بندی کے حوالہ سے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ وہ جمہوریت کو کچلنے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سیف الدین سوز کے ساتھ لگاتار قیدیوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ سیف الدین سوز صاحب نے ہندوستانی جمہوریت کے عوامل کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے ساتھ قیدیوں جیسا سلوک کر کے بی جے پی حکومت جمہوریت کو نیست و نابود کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں ایک سال سے آمریت (تاناشاہی) کا دور دورہ ہے۔ میں حکومت کو یاد دلانا چاہتی ہوں کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فہمیدہ ریاض کی نظم: ‘تم بالکل ہم جیسے نکلے‘، دیکھیں ویڈیو
واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست سے سیف الدین سوز کو گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ کانگریس کے رہنما سیف الدین سوز نے الزام لگایا ہے کہ انہیں نظربند رکھا گیا ہے۔ ادھر، سیف الدین سوز کے بیٹے سلمان سوز نے الزام لگایا تھا کہ حکومت نے سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا ہے اور سیف الدین سوز آزاد نہیں ہیں بلکہ نظربند ہیں! جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ سابق مرکزی وزیر کی نقل و حرکت پر کسی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہے۔
اس سے قبل سیف الدین سوز نے کہا تھا کہ ’’اب مرکز نے سپریم کورٹ میں بھی جھوٹ بولا ہے کہ میں ایک آزاد آدمی ہوں۔ میں اس کے لئے عدالت جاؤں گا۔ حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ کہیں بھی جانے کے لئے آزاد ہیں، لیکن ان کی رہائش گاہ پر تعینات پولیس اہلکار انہیں باہر جانے سے روک رہے ہیں۔ سوز نے الزام لگایا کہ یہ جگہ (وادی کشمیر) پولیس اسٹیٹ بن چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔