اتر پردیش کے مین پوری میں طالبہ کی خودکشی سے پرینکا گاندھی غم زدہ

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کے روز ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے طالبہ کی خودکشی کو بہت ہی افسوس ناک بتایا اور کہا کہ ہمیں نوجوانوں کے تئیں بےحد حساس ہونے کی ضرورت ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے مین پوری واقع نوودے ودیالیہ کی گیارہویں درجہ کی طالبہ نے ہاسٹل میں پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ اس واقعہ پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے معاملے تکلیف دہ ہیں اور اس سے حساس ہو کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔ پرینکا گاندھی نے طالبہ کی خودکشی کی خبر پر اپنا غم ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ بھی کیا۔

پرینکا گاندھی نے پیر کے روز ٹویٹ کرتے ہوئے اس واقعہ کو بہت ہی افسوس ناک بتایا اور کہا کہ ہمیں نوجوانوں کے تئیں بےحد حساس ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اسکولوں میں اس طرح کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ اس کے حل کےلئے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’مین پوری جواہر نوودے ودیالے کا یہ واقعہ بہت ہی افسوس ناک ہے۔ہمیں نوجوانوں کے تئیں حساس ہونا چاہیے۔نوودے ودیالوں میں اس طرح کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ہمیں محتاط ہوکر اس کا حل نکالنا پڑےگا۔‘‘


پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر بھی ٹیگ کی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ جس طالبہ نے خودکشی کی ہے اس پر وارڈن نے نمکین چوری کا الزام عائد کیا تھا۔ ساتھ ہی وارڈن نے 48 طالبات سے خودکشی کرنے والی طالبہ کو تھپڑ بھی لگوائے تھے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسی شرمندگی کی وجہ سے اس طالبہ نے خودکشی کی ہوگی۔


بہر حال، طالبہ کی خودکشی سے متعلق اسکول انتظامیہ کے خلاف معاملہ درج کیا جا چکا ہے۔ واقعہ کے سلسلے میں طالبہ نے مرنےسے پہلے لکھا کہ تین سال پہلے اس پر ایک طالبہ نے نمکین چوری کرنے کا الزام لگایا تھا اور اس کےلئے مسلسل اس کا استحصال کیاگیا لیکن اسکول انتظامیہ نے اس کی شکایت پر کبھی توجہ نہیں دی جس سے مایوس ہوکر وہ خودکشی کررہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔