پرینکا کی ادیتی سنگھ سے ملاقات، کہا- انتظامیہ سے مل کر بی جے پی رہنماؤں نے کرایا حملہ
کانگریس رکن اسمبلی اور گاندھی خاندان کی قریبی ادیتی سنگھ پر حملہ کے بعد پرینکا گاندھی رائے بریلی پہنچی۔ انہوں نے رائے بریلی کے صدر علاقہ میں ادیتی پر ہوئے حملہ کے حوالہ سے بات چیت کی۔
رائے بریلی صدر سے کانگریس کی رکن اسمبلی ادیتی سنگھ پر حملہ کے بعد بدھ کے روز کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی رائے بریلی پہنچیں۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے سب سے پہلے تلک بھون میں واقع کانگریس دفتر میں پارٹی کارکنان سے بات چیت کی۔ انہوں نے منگل کے روز ادیتی سنگھ پر ہوئے حملہ کے حوالہ سے تفصیلات لیں اور کارکنان سے خطاب کیا۔ اس دوران پرینکا گاندھی نے کہا کہ کانگریس رہنماؤں کو بی جے پی رہنماؤں نے کار سے نکال کر مارا، ہم اس معاملہ کو لکھنؤ سے لے کر دہلی تک اٹھائیں گے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں نے کانگریس کارکنان کو گاڑی سے نکال کر مارا ہے اور ان کے اوپر کار چڑھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر یہ سب انجام دیا ہے۔
واضح رہے کہ اتر پردیش کے رائے بریلی صدر علاقہ سے رکن اسمبلی ادیتی سنگھ کو گاندھی خاندان کی قریبی مانا جاتا ہے اور منگل کو لکھنؤ سے لوٹنے کے دوران ان پر حملہ ہوا تھا۔
گزشتہ روز رکن اسمبلی ادیتی سنگھ کے قافلہ پر پہلے پتھراؤ ہوا اس کے بعد فائرنگ کی گئی۔ اسی دوران جب ان کی گاڑی کی رفتار تیز ہوئی تو گاڑی پلٹ گئی اور ادیتی سنگھ زخمی ہو گئیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ حملہ ضلع پنچایت سربراہ اودھیش سنگھ کے اشارے پر کیا گیا ہے، حملہ کے وقت وہ موقع واردات پر موجود تھے۔
یہ حملہ منگل کے روز اودھیش سنگھ کے خلاف لائے گئے عدم اعتماد کی تحریک سے عین قبل ہوا، جس کی وجہ سے رکن اسمبلی ادیتی سنگھ اور ضلع پنچایت ارکان دفتر نہیں پہنچ پائے۔ لہذا عدم اعتماد کی تحریک کے لئے ہونے والی ووٹنگ کو ٹال دیا گیا۔
ضلع پنچایت صدر اودھیش سنگھ رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے امیدوار دنیش سنگھ کے بھائی ہیں، جنہیں بی جے پی نے رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے سونیا گاندھی کے خلاف انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ رائے بریلی میں پانچویں مرحلہ کے تحت 6 مئی کو پولنگ ہوئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 May 2019, 3:09 PM