پرینکا گاندھی کی کسان نوریت سنگھ کے اہل خانہ سے ملاقات ’شہید کا کنبہ شہادت کو فراموش نہیں کرتا‘
پرینکا گاندھی نے کہا کہ ایک شہید کی فیملی اس کی شہادت کو کبھی نہیں بھول سکتی۔ آپ کا بیٹا کسانوں کی حمایت کرنے کے لیے دہلی گیا تھا، لیکن اس کے ساتھ ایسا حادثہ ہوا کہ وہ واپس نہیں آیا۔
رامپور: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی جمعرات کے روز رامپور میں بلاسپور علاقے کے ڈبڈبا گاؤں پہنچی، جہاں انہوں نے دہلی میں ٹرکٹر ریلی کے دوران جان گنوانے والے کسان نوریت سنگھ کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
کانگریسی رہنماؤں نے نوریت سنگھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کو دلاسہ دیا۔ اس موقع پر پرینکا گاندھی نے کہا، ’’ایک شہید کی فیملی اس کی شہادت کو کبھی نہیں بھول سکتی۔ آپ کا بیٹا کسانوں کی حمایت کرنے کے لیے دہلی گیا تھا، لیکن اس کے ساتھ ایسا حادثہ ہوا کہ وہ واپس نہیں آیا۔ کوئی سیاسی سازش کے لیے وہ وہاں نہیں گیا تھا، وہ اس لیے گیا کیونکہ اس کے دل میں کسانوں کے لیے دکھ تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں اس کنبہ سے کہنا چاہتی ہوں، آپ اکیلے نہیں ہیں، آپ کے ساتھ اس ملک کا ایک ایک باشندہ کھڑا ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق کیوں نہ رکھتا ہو۔ اس ملک کے کونے کونے کا کسان آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری کے اچانک دورے کی جانکاری ملتے ہی ضلع انتظامیہ اور خفیہ محکمہ الرٹ ہو گیا تھا۔ پرینکا کے قافلے کو بغیر کسی روکاوٹ کے جائے پروگرام تک جانے دیا گیا۔ حالانکہ اس دوران مرادآباد سے رامپور تک پولیس ٹیم کی تعیناتی تھی اور سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمان بیگم نور بانو، سابق وزیر نواب کاظم علی خان عرف نوید میاں اور کسان لیڈر راکیش ٹکیٹ کے بیٹے گورو ٹکیٹ سمیت کانگریس کے کئی لیڈر موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ یوم جمہوریہ کے دن کسانوں نے زرعی قوانین کے خلاف دہلی میں ٹرکٹر ریلی نکالی تھی۔ اس دوران ٹرکٹر پلٹ جانے سے نوریت سنگھ کی موت ہوگئی۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسان کی موت چوٹ لگنے سے ہوئی تھی جبکہ تحریک میں شامل کسانوں و اہل خانہ نے موت کی وجہ پولیس کی گولی لگنے کو قرار دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔