آسام: پرینکا گاندھی کی انتخابی تشہیر شروع، بے روزگاری کے خلاف ریاست گیر مہم کا آغاز
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کے روز آسام میں انتخابی تشہیر کا باضابطہ آغاز کیا۔ انھوں نے لکھیم پور میں بے روزگاری کے خلاف ریاست گیر مہم کی بھی شروعات کی۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی پیر کے روز آسام میں پارٹی کی طرف سے انتخابی تشہیر کا باضابطہ آغاز کرنے کے لیے پہنچیں۔ ریاست میں کانگریس کی قیادت میں سات پارٹیوں والا اتحاد بی جے پی کی تین پارٹیوں والے اتحاد سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے تیار ہے۔ گوہاٹی پہنچنے کے فوراً بعد پرینکا گاندھی مشہور کاماکھیا دیوی مندر پہنچیں اور پوجا کی۔ قابل ذکر ہے کی اس مندر کو کوچ راجہ نارائن نے 1565 میں دوبارہ تعمیر کیا تھا اور یہ ہندوستان کے 51 پاکیزہ مقامات میں سے ایک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مودی حکومت پر ’دی گریٹ رابری‘ کا الزام کیوں لگ رہا؟
آسام کانگریس میڈیا سیل کی چیئرپرسن ببیتا شرما نے پرینکا گاندھی کے پروگرام سے متعلق تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ’’اپنے آسام دورہ میں پرینکا گاندھی پارٹی کے عہدیداروں اور عام لوگوں کے ساتھ بات چیت کریں گی اور منگل کو تیج پور میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ وہ بے روزگاری کے ایشو پر ایک ریاست گیر مہم بھی شروع کریں گی اور چائے باغان میں خواتین مزدوروں و سیلف ہیلپ گروپ کے اراکین کے ساتھ بات چیت کریں گی۔‘‘
واضح رہے کہ سابق کانگریس صدر اور لوک سبھا رکن راہل گاندھی نے گزشتہ 14 فروری کو ریاست کا دورہ کیا تھا اور مشرقی آسام کے شیوساگر میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب بھی کیا تھا۔ آسام میں کانگریس تقریباً 15 سال (2001 سے 2016) تک اقتدار میں رہی۔ اس بار کانگریس نے تین لیفٹ پارٹیوں (سی پی آئی، سی پی ایم اور سی پی آئی ایم) کے علاوہ آنچلک گن مورچہ، بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی پی ایف) اور تین علاقائی پارٹیوں کے ساتھ مل کر ’مہاگٹھ بندھن‘ بنایا ہے۔
اس درمیان برسراقتدار بی جے پی سے ناطہ توڑنے کے ایک دن بعد بی پی ایف اتوار کو کانگریس کی قیادت والے ’مہاگٹھ بندھن‘ میں شامل ہو گئی۔ واضح رہے کہ 126 رکنی آسام اسمبلی کا الیکشن 27 مارچ، 1 اپریل اور 6 اپریل کو تین مراحلے میں ہوگا۔ انتخابی نتائج 2 مئی کو سامنے آئیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔