پرینکا گاندھی کسانوں کے حق میں لگاتار سرگرم، 7 مارچ کو میرٹھ مہاپنچایت میں کریں گی شرکت

پرینکا گاندھی 7 مارچ کو مغربی اتر پردیش کے میرٹھ میں کسان مہاپنچایت میں شرکت کریں گی، یہ مہاپنچایت اس سلسلہ کی کڑی ہے جس کے تحت کانگریس پارٹی زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی حمایت کر رہی ہے

پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی 7 مارچ کو مرکزی حکومت کے ذریعہ متعارف کرایے گیے تینوں زرعی قوانین کے خلاف میرٹھ میں کسان مہا پنچایت سے خطاب کریں گے۔ یہ مہا پنچایت کسانوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لئے پارٹی کی مہم کا حصہ ہوگی۔ پرینکا گاندھی نے حال ہی میں متھرا ضلع میں کسان پنچایت سے خطاب کیا تھا، جو تینوں مرکزی زرعی قوانین کے خلاف مغربی اتر پردیش کے 27 اضلاع میں ہونے والے پروگراموں کا ایک سلسلہ ہے۔

پرینکا گاندھی نے گذشتہ ماہ متھرا میں کہا تھا، "بھگوان کرشن نے اندر دیوتا کا تکبر توڑ دیا تھا اور یہاں کے لوگوں کی حفاظت کے لئے گووردھن پربت کو اپنی انگلی پر اٹھا لیا تھا۔ یہ حکومت بھی متکبر ہو گئی ہے، جوکہ ان کسانوں کے غضب سے بچ نہیں سکے گی جو ملک کے لیے غلہ پیدا کرتے ہیں۔" پرینکا نے مزید کہا تھا کہ موجودہ مرکزی حکومت جس طرح سے ملک کی سرکاری کمپنیوں اور اثاثوں کو فروخت کر رہی ہے، ایسی صورتحال میں گووردھن پربت کو سنبھال کر رکھنا، کہیں حکومت اسے بھی فروخت نہ کر دے۔


کانگریس نے اتر پردیش میں گنے کے کاشتکاروں کے واجبات کی ادائیگی کے لئے احتجاج اور پنچایتوں کے انعقاد کی منظم حکمت عملی تیار کی ہے۔ ان پنچایتوں میں پرینکا گاندھی بھی حصہ لیں گی۔ یاد رہے کہ کانگریس نے کسانوں کے حق میں زرعی قوانین کے خلاف کے ایم پی ایکسپریس وے پر احتجاج کے ایک دن بعد اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسان دہلی کی سرحدوں پر گذشتہ 100 دن سے زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور ملک بھر میں پنچایتیں کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اتر پردیش میں گنے کے کسانوں کو 2019-20 کے واجبات نہیں ملے ہیں۔ 2020-21 میں گنے کی جنرل قسم کے ایم ایس پی میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ یہ تیسرا سال ہے جب ریاستی حکومت نے گنے کی قیمت میں اضافہ نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوپی آدتیہ ناتھ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد 2017 میں ایم ایس پی میں 10 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا تھا۔ کاشتکار مطالبہ کر رہے ہیں کہ گنے کے لیے ایم ایس پی کو 325 روپے سے بڑھا کر 450 روپے فی کوئنٹل کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔