پرینکا گاندھی کے سیاسی سفر کا آغاز، کانگریس کی جنرل سکریٹری مقرر
لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس صدر راہل گاندھی نے پرینکا گاندھی کو کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے، انہیں مشرقی اتر پردیش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پرینکا گاندھی کو سیاسی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز اپنی بہن پرینکا گاندھی کو اے آئی سی سی جنرل سکریٹری (یو پی ایسٹ) مقرر کر دیا۔ پرینکا گاندھی فروری کے پہلے ہفتہ میں اپنی ذمہ داری سنبھال لیں گی۔
غور طلب ہے کہ ایک مدت سے کانگریس کرکنان کا مطالبہ تھا کہ پرینکا گاندھی کو سیاسی میدان میں اتر جانا چاہئے۔ عام لوگوں کا بھی یہی خیال تھا کہ پرینکا گاندھی اگر سیاسی میدان میں آ جائیں تو کانگریس میں نئی جان پھونک سکتی ہیں۔ حالانکہ وہ اس سے قبل رائے بریلی اور امیٹھی میں اپنی والدہ سونیا گاندھی اور بھائی راہل گاندھی کے لئے انتخابی تشہیر میں حصہ لیتی رہی ہیں لیکن باضابطہ طور پر پارٹی کے کسی عہدے پر وہ پہلی مرتبہ فائز ہونے جا رہی ہیں۔
دراصل 2019 کے لوک سبھا انتخابات فیصلہ کن ہونے جا رہے ہیں اور ان میں اتر پردیش کافی اہمیت کا حامل رہے گا۔ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے اتحاد سے حالات بالکل بدل گئے ہیں اور ان دونوں ہی پارٹیوں نے کانگریس کو اتحاد میں شامل نہیں کیا ہے۔ ایس پی اور بی ایس پی کے اتحاد کے بعد راہل گاندھی نے یہ دعوی کیا تھا کہ ابھی لوگ کانگریس کو ہلکے میں لے رہے ہیں لیکن کانگریس پارٹی 2019 کے انتخابات پوری طاقت سے لڑے گی اور سبھی کو حیران کر دے گی۔ کانگریس کی طرف سے اتر پردیش کی تمام 80 سیٹوں پر اپنے دم پر انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
پرینکا گاندھی کے کانگریس میں آنے پر سینئر رہنما موتی لال وورا نے کہا کہ کانگریس اتر پردیش میں پوری قوت کے ساتھ انتخاب لڑے گی۔ پرینکا کے پارتی میں آنے کا اثر پورے صوبہ پر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواہ پرینکا گاندھی کو مشرقی اتر پردیش کی ذمہ داری سونپی گئی ہو لیکن اس کا اثر پوری ریاست میں نظر آئے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔