سرکاری املاک میں پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت داری سے پرینکا گاندھی ناراض
پرینکا گاندھی نے کہا کہ یہ سرکار 70 برسوں میں ملک کے عوام کی محنت سے بنائی گئی لاکھوں کروڑ روپے کی املاک اپنے ارب پتی دوستوں کو دے رہی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریلوے، قومی شاہراہوں جیسے کئی سرکاری اثاثوں میں نجی شعبے کو شراکت دار بنانے کے مرکزی حکومت کے منصوبے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی محنت سے بنی ملک کی کروڑوں روپے کی جائیداد موجودہ حکومت اپنے دوستوں کے حوالے کر رہی ہے۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آتم نربھر کا جملہ دیتے دیتے پوری حکومت کو ہی ’ارب پتی دوستوں‘ پر منحصر کیا گیا۔ سارا کام ان ہی ارب پتی دوستوں کے لیے، تمام سرکاری املاک ان ہی کے لئے ہے‘‘۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک نے جو دولت بنائی ہے اسے مودی حکومت دوستوں کے درمیان لٹا رہی ہے۔ پرینکا وڈرا نے کہا کہ ’’یہ سرکار 70 برسوں میں ملک کے عوام کی محنت سے بنائی گئی لاکھوں کروڑ روپے کی املاک اپنے ارب پتی دوستوں کو دے رہی ہے‘‘۔
قابل غور ہے کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کو قومی ’مونیٹائزیشن پائپ لائن پروجیکٹ‘ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سے متعلقہ کچھ اثاثوں میں آئندہ چار سال میں پرائیویٹ ہاتھوں کو حصہ دار بناکر 6 لاکھ کروڑ روپے جمع کیے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔