این سی آر بی ڈاٹا دیکھ کر یوگی حکومت پر حملہ آور ہوئیں پرینکا ، کہا ’یو پی ہر جرم میں سرفہرست‘

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق خواتین و دلتوں کے خلاف جرم، قتل و اغوا کے معاملوں میں اور پرتشدد جرائم کے معاملے میں اتر پردیش سرفہرست ہے۔‘‘

پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان این سی آر بی کے ذریعہ پیش کردہ جرائم سے متعلق تفصیلات نے ریاست کی سیاست میں مزید گرمی پیدا کر دی ہے۔ این سی آر بی ڈاٹا کے مطابق یو پی میں جرائم بے قابو ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں نے یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور یو پی انچارج پرینکا گاندھی نے بھی آج ریاستی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے یو پی میں بڑھتے جرائم پر فکر مندی ظاہر کی۔

پرینکا گاندھی نے ہفتہ کے روز این سی آر بی ڈاٹا کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں جرائم کے ایشو پر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق خواتین و دلتوں کے خلاف جرم، قتل و اغوا کے معاملوں میں اور پرتشدد جرائم کے معاملے میں اتر پردیش سرفہرست ہے۔ اتر پردیش کے دعووں کے ٹھیک برعکس اتر پردیش میں جرم کا راج عروج پر ہے۔‘‘


واضح رہے کہ این سی آر بی کے ذریعہ پیش کردہ ڈاٹا کے مطابق 2020 میں خواتین کے خلاف جرائم کے معاملوں میں سے 28153 خوتین عصمت دری کا شکار ہوئیں جن میں 25498 بالغ تھیں اور 2655 نابالغ۔ این سی آر بی کے گزشتہ سال کے اعداد و شمار کے مطابق 2019 میں عصمت دری کے 32033، 2018 میں 33356، 2017 میں 32559 اور 2016 میں 38947 معاملے سامنے آئے تھے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں کچھ مہینے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن لگا تھا اور پھر ریاستی سطح پر بھی کئی طرح کی پابندیاں عائد رہیں، اس کے باوجود 28153 عصمت دری کے معاملے نے یوگی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔