ملک سے اپوزیشن کو ختم ہوتا نہیں دیکھ سکتے پروین-پرینکا، لالو کو کِڈنی دینے کا کیا اعلان
پرینکا اور پروین کا کہنا ہے کہ لالو پرساد غریب، کمزور اور استحصال زدہ طبقہ کے لیڈر ہیں۔ ہندوستانی سیاست کے لیے ان کا زندہ رہنا بہت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اپنی کڈنی ان کو عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔
بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی کے بانی لالو پرساد یادو کی صحت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے اور ان کے حامیوں میں اس سے بے چینی کا عالم ہے۔ رانچی واقع ریمس میں لالو پرساد کا علاج کر رہے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس وقت لالو کی کڈنی 65 فیصد سے زیادہ خراب ہو گئی ہے اور کڈنی ٹرانسپلانٹ ضروری ہو گیا ہے۔ لالو کے لیے اس مشکل وقت میں ریاست بہار کے سہرسہ کا ایک شادی شدہ جوڑا مدد کے لیے سامنے آیا ہے۔ شوہر پروین آنند اور بیوی پرینکا آنند کا کہنا ہے کہ وہ لالو پرساد کو کسی بھی حال میں زندہ دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے جیسے لیڈر کی اس وقت ملک کو ضرورت ہے۔
پرینکا اور پروین کا کہنا ہے کہ لالو پرساد غریب، کمزور اور استحصال زدہ طبقہ کے لیڈر ہیں۔ ہندوستانی سیاست کے لیے ان کا زندہ رہنا بہت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اپنی کڈنی ان کو عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔ دونوں نے اس سلسلے میں اپنی رہائش پر ایک پریس کانفرنس بھی کی جس میں انھوں نے اپنی کڈنی لالو پرساد کو عطیہ کرنے کی بات کہی۔ پرینکا اور پروین کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کو لالو پرساد جیسے لیڈر کی ضرورت ہے کیونکہ اپوزیشن کافی کمزور ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لالو یادو رہیں گے تبھی اپوزیشن رہے گا۔
پرینکا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’میری کڈنی کی جانچ کی جائے۔ میں چاہتی ہوں کہ اگر میری کڈنی ان کے مطابق پائی جاتی ہے تو ہم لالو جی کو اپنی کڈنی دینے کو تیار ہیں۔ وہ سیاست کے اہم ترین شخص ہیں۔ ان کو بچانے کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ لالو پرساد یادو چارہ گھوٹالہ سے جڑے معاملے میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ فی الحال ان کی کڈنی خراب ہونے اور ان کی بگڑتی طبیعت کی جانکاری ملنے کے بعد ان کے چاہنے والوں میں مایوسی ہے۔ ویسے لالو یادو کو کئی سنگین بیماریوں نے اپنے شکنجے میں لے لیا ہے۔ بلڈ پریشر، ذیابیطس اور کڈنی سے پیدا ہونے والی کئی بیماریاں ان پر حاوی ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی کڈنی بدلا جانا بہت زیادہ ضروری ہے۔ کافی دنوں سے جیل میں رہنے اور سرگرم سیاست سے دور رہنے کی وجہ سے ان کا چلنا پھرنا بھی ٹھیک سے نہیں ہو پا رہا ہے۔
واضح رہے کہ لالو یادو کی بگڑتی صحت کی وجہ سے ان کے چھوٹے بیٹے تیجسوی یادو سمیت فیملی کے لوگوں نے بھی گزشتہ دنوں فکرمندی ظاہر کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ لالو جی کی جان کو جیل میں خطرہ ہے۔ سزا یافتہ لالو یادو سے ملنے کے لیے ہر ہفتہ کے روز لوگ رانچی واقع ریمس جاتے ہیں۔ یہاں داخل لالو کی صحت کی جانچ وہاں موجود ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 Sep 2019, 9:10 PM