انل امبانی کے چوکیدار ہیں وزیر اعظم مودی: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا ’’ہماری حکومت نے کسانوں کا 70 ہزار کروڑ روپیہ قرض کا معاف کیا لیکن نریندر مودی نے ہندوستان کے 15-20 امیروں کا 3.5 لاکھ کروڑ روپے قرض معاف کیا۔‘‘

تصویر بشکریہ ٹوئٹر/<a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>
تصویر بشکریہ ٹوئٹر/@INCIndia
user

قومی آواز بیورو

پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد تمام سیاسی جماعتیں انتخابی تشہیر میں تیزی لا چکی ہیں۔ اسی سلسلہ میں منگل کے روز کانگریس صدر راہل گاندھی راجستھان کے دھول پور پہنچے اور انتخابی تشہیر کا آغاز کیا۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے دھول پور میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم ہیں اور وسندھرا راجے راجستھان کی وزیر اعلیٰ ہیں لیکن انہوں نے ریاست کے لئے کچھ نہیں کیا۔

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’جب کانگریس برسراقتدار تھی تو ہم نے منریگا دیا، 70 ہزار کروڑ روپے کا قرض معاف کیا اور اشوک گہلوت نے ریاست کی حالت کو بہتر بنایا۔ لیکن مودی حکومت نے غریبوں، کسانوں اور مزدوروں کے لئے کچھ نہیں کیا۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا ’’ہماری حکومت نے کسانوں کا 70 ہزار کروڑ روپے کا قرض معاف کیا لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دور اقتدار میں ہندوستان کے 15-20 امیروں کا 3.5 لاکھ کروڑ روپے قرض معاف کیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جن کاروباریوں کا قرض معاف کیا گیا ان میں وجے مالیا، میہل چوکسی اور نیرو مودی شامل ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا ’’میں وزیر اعظم کے دفتر میں ایک مرتبہ گیا اور ان سے کسانوں کی قرض معافی کا مطالبہ کیا اور ان سے کہا کہ آپ صرف ارب پتیوں کے ویزر اعظم نہیں ہیں۔ لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ وہ مجھے خاموشی سے دیکھتے رہے۔‘‘

کانگریس صدر نے مزید کہا ’’وسندھرا جی چناؤ سے عین قبل کہتی ہیں کہ مفت میں بجلی دوں گی لیکن وہ 4 سالوں سے کیا کر رہی تھی۔ ‘‘ انہوں نے کہا وزیر اعظم کسانوں کا قر ض تو معاف نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیرو مودی اور میہل چوکسی سے ان کا بھائی بھائی کا رشتہ ہے، مودی جی چوکسی کو بھائی بلاتے ہیں۔

راہل نے کہا، ’’مودی جب چناؤ لڑ رہے تھے تو انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نہیں چوکیدار بنیں گے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کس کی چوکیداری کریں گے۔ نریندر مودی انل امبانی کی چوکیداری کرتے ہیں۔ اسی لئے رافیل جہاز سودے سے ایچ اے ایل کو نکالا اور انل امبانی کو دے دیا۔ اس سودے میں وزیر اعظم نے بدعنوانی کی ہے، انل امبانی کے سر پر 45 ہزار کروڑ روپے کا قرض ہے۔

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے گبر سنگھ ٹیکس (جی ایس ٹی) لگا کر چھوٹے کاروباریوں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے منریگا کا مذاق اڑایا جبکہ منریگا نے غریبوں کی مدد کی تھی۔ بی جے پی والوں نے نعرہ دیا ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ ‘ لیکن یو پی میں ان کا ہی رکن اسمبلی خاتون کے ساتھ ریپ کرتا ہے اور وزیر اعلیٰ اسے بچاتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا میں سچا نعرہ بتایا ہوں، ’بیٹی پڑھاؤ، بی جے پی رکن اسمبلی سے بچاؤ‘۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے للت مودی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ للت مودی نے وسندھرا حکومت کے ساتھ مل کر گھوٹالہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔