سری نگر میں وزیر اعظم مودی کا خطاب بڑی سکرینز پر ٹیلی کاسٹ مگر دیکھنے والے خال خال

جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سول لائنز میں اتوار کو چند جگہوں پر بڑی سکرینز کو نصب کر کے اس پر وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم آزادی خطاب کو ٹیلی کاسٹ کیا گیا

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سول لائنز میں اتوار کو چند جگہوں پر بڑی سکرینز کو نصب کر کے اس پر وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم آزادی خطاب کو ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔ تاہم ان سکرینز کے سامنے دیکھنے والے خال خال ہی نظر آئے کیوں کہ سڑکیں سنسان تھیں جن پر راہیگروں کا کوئی رش نہیں تھا۔ خطاب کو دیکھنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے یا سرکاری ملازم۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق انتظامیہ نے سری نگر کے سول لائنز میں چند ایک جگہوں بشمول جہانگیر چوک پر بڑی سکرینز اور لائوڈ اسپیکرز نصب کئے تھے جن پر وزیر اعظم کے خطاب کو راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا جہانگیر چوک میں یہ بڑی سکرینز فلائی اوور کے نیچے نصب کی گئی تھی اور ان پر وزیر اعظم کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے دیکھنے والے اکثر لوگ سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے یا سرکاری ملازم۔


بتا دیں کہ وادی کشمیر میں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سری نگر میں سخت ترین سیکورٹی بندو بست کے بیچ منعقد ہوئی۔ تقریب میں یونین ٹریٹری کے لیفٹننٹ گورنر جنرل منوج سنہا نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ اس موقع پر موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر کے ساتھ ہندوستان کی روح جڑی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا: 'وتستا سے گنگا تک اور لال قلعے سے لال چوک تک سبھی مل کر ہمدم چلیں یہی اس 75 ویں یوم آزادی کا پیغام ہے'۔ منوج سنہا نے کہا کہ ہم سبھی لوگوں کو بھروسہ دلانا چاہتے ہیں کہ ملک کے اندر اور باہر جو بھی لوگ درپردہ یا پراکسی وار کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے اور آگے بھی دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔