وزیر اعظم مودی آج بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے
وزیر اعظم نریندر مودی پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق آج اتر پردیش کے جالون ضلع میں بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے، انہوں نے فروری 2020 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا
اورئی: وزیر اعظم نریندر مودی پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق آج اتر پردیش کے جالون ضلع میں بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔ مودی نے فروری 2020 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس کے ساتھ ہی بندیل کھنڈ کے سات اضلاع چترکوٹ سے اٹاوہ تک ایکسپریس وے کے ذریعے دہلی اور لکھنؤ سے براہ راست جڑ جائیں گے۔
اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے دیگر وزراء اور اعلیٰ افسران تقریباً 11.30 بجے ضلع جالون کی اورائی تحصیل کے کیتھری گاؤں میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں موجود ہوں گے۔ اتر پردیش حکومت کا دعویٰ ہے کہ 14,850 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے اس چار لین ایکسپریس وے کے بہت انتظار کے بعد افتتاح کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ یوگی اور ریاست کے چیف سکریٹری درگا شنکر مشرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے پہلے ہی اس ایکسپریس وے کے افتتاحی پروگرام کے لیے تعمیراتی کام اور تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔
دہلی اور لکھنؤ کو براہ راست جوڑنے والا 296 کلومیٹر طویل بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کے ذریعہ دہلی سے چترکوٹ تک 630 کلومیٹر کا فاصلہ تیز رفتاری سے طے کیا جا سکے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔