’وزیر اعظم مودی کو منی پور ضرور جانا چاہئے‘، تشدد متاثرین سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی کا بیان

راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی سے ایک بار پھر منی پور کا دورہ کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا، ’’آج جب ہم یومِ آزادی منا رہے ہیں تو ہمیں منی پور کے حالات پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے‘‘

<div class="paragraphs"><p>منی پوری لوگوں سے ملاقات کرتے راہل گاندھی</p></div>

منی پوری لوگوں سے ملاقات کرتے راہل گاندھی

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے راجدھانی دہلی میں منی پور کے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم مودی سے منی پور کا دورہ کرنے اور وہاں کے لوگوں کے درد کو سمجھنے کی اپیل کی۔ راہل گاندھی نے اپنی ملاقات کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعہ دی۔

کانگریس لیڈر نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا، ’’آج میں نے دہلی میں رہنے والے منی پوری لوگوں کے ایک گروپ سے ملاقات کی، جنہوں نے اپنے علاقے میں تشدد کے آغاز سے لے کر اب تک اپنی دل کو چھونے والی جدوجہد کو شیئر کیا۔ انہوں نے اپنے پیاروں سے علیحدہ ہونے کے درد اور تشدد کی وجہ سے برادریوں پر پڑنے والے جسمانی اور نفسیاتی بوجھ کے بارے میں بتایا۔‘‘


راہل گاندھی نے کہا کہ منی پور کے جو لوگ ان سے ملنے آئے تھے وہ خوف سے اپنا چہرہ بھی نہیں دکھانا چاہتے تھے۔ اس سے ان کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھ سے ملنے آنے والے لوگوں نے اپنی حفاظت اور خوف کی وجہ سے اپنے چہرے نہ دکھانے کی درخواست کی۔ یہ منی پور کی تلخ حقیقت ہے، جس کا وہاں کے ہمارے بھائی اور بہنیں ہر روز سامنا کرتے ہیں۔‘‘

کانگریس ایم پی راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی سے ایک بار پھر منی پور کا دورہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا، ’’آج ہم یوم آزادی کا جشن منا رہے ہیں، ایسے میں ہمیں منی پور کے حالات پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے۔ وہاں کے لوگ اب بھی خوف اور دہشت کی غلامی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ان سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ میں ایک بار پھر وزیر اعظم سے منی پور کا دورہ کرنے اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر دباؤ جلد از جلد پرامن حل کی سمت میں کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی درخواست کرتا ہوں۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ منی پور کی حالت طویل عرصے سے ابتر بنی ہوئی ہے۔ ریاست میں طویل تنازعات، تشدد اور عدم استحکام نے لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔ منی پور میں مختلف عسکریت پسند گروپوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جس میں بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں۔ ریاست میں جاری تنازعات نے سماجی تناؤ کو جنم دیا ہے، جس کی وجہ سے بہت سے لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔