وزیر اعظم مودی نے فون پر جانا سیلاب زدہ دہلی کا حال، کانگریس کا حملہ، کہا- ’اس وقت کال کیوں نہیں کی جب منی پور جل رہا تھا؟‘
کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب وہ امریکہ میں تھے اور منی پور جل رہا تھا تو انہوں نے اس طرح کی کوئی کال کیوں نہیں کی گئی؟
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت فرانس کے دورے پر ہیں، جہاں سے انہوں نے راجدھانی دہلی میں آئے ہوئے سیلاب کے حالات پر معلومات حاصل کی۔ نریندر مودی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو فون کیا اور دیلی کی خیریت دریافت کی۔ اس پر کانگریس پارٹی نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب وہ امریکہ میں تھے اور منی پور جل رہا تھا تو انہوں نے اس طرح کی کوئی کال کیوں نہیں کی گئی؟
کانگریس نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ انہوں نے دہلی کے سیلاب پر تشویش ظاہر کی لیکن جب منی پور جل رہا تھا تو ایسی کالیں کیوں نہیں آئیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ایک ٹوئٹ میں کہا ’’وزیر اعظم نے پیرس سے وزیر داخلہ کو فون کر کے نئی دہلی میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ یہ اچھی بات ہے کہ انہوں نے ایسی تشویش ظاہر کی لیکن جب وہ امریکہ میں تھے اور منی پور جل رہا تھا، تو ایسی کوئی کال نہیں آئی؟‘‘
پارٹی کے کمیونیکیشن انچارج رمیش نے کہا ’’جب وزیر اعظم فرانس میں ہیں، تب بھی منی پور جل رہا ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے منی پور پر مکمل خاموشی کا عہد لیا ہے۔"
خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی جمعرات کو دو روزہ دورے پر فرانس کے پیرس پہنچے۔ یہاں سے وہ یو اے ای کا بھی دورہ کریں گے۔ انہوں نے ایسے وقت میں شاہ اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کو فون کر کے قومی راجدھانی میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا جب جمنا کی آبی سطح نے بلندی کے 45 سال پرانے ریکارڈ کو توڑ دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔