کرناٹک اسمبلی انتخاب میں جیت پر وزیر اعظم مودی نے کانگریس کو دی مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار
وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بی جے پی کارکنان کی بھی تعریف کی جنھوں نے کرناٹک میں پارٹی کو کامیابی دلانے کے لیے بھرپور محنت کی۔
کرناٹک اسمبلی انتخاب کے نتائج برآمد ہونے کے بعد کئی غیر کانگریسی لیڈران نے کانگریس کی اعلیٰ قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ریاست میں بے مثال کامیابی کے لیے کانگریس کو مبارکباد دی۔ انھوں نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’کرناٹک اسمبلی انتخاب میں جیت کے لیے کانگریس پارٹی کو مبارکباد دیتا ہوں۔ لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے کے لیے میری نیک خواہشات۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بی جے پی کارکنان کی بھی تعریف کی جنھوں نے کرناٹک میں پارٹی کو کامیابی دلانے کے لیے بھرپور محنت کی۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ’’میں ان سبھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے کرناٹک الیکشن میں ہماری حمایت کی ہے۔ میں بی جے پی کارکنان کی سخت محنت کی تعریف کرتا ہوں۔ ہم آنے والے وقت میں مزید جوش کے ساتھ کرناٹک کی خدمت کریں گے۔‘‘
اس سے قبل کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے کرناٹک اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کی شکست پر اپنی ذمہ داری قبول کی۔ انھوں نے میڈیا کے سامنے دیئے گئے بیان میں کہا کہ ’’کرناٹک اسمبلی انتخاب کی اس شکست کی ذمہ داری میں لیتا ہوں۔ اس کی کئی وجوہات ہیں۔ ہم سبھی وجوہات کا پتہ لگائیں گے اور پارلیمانی انتخابات کے لیے ایک بار پھر پارٹی کو مضبوط کریں گے۔ کرناٹک کے عوام کا جو فیصلہ ہے وہ قبول کریں گے اور اس پر ہم تجزیہ کریں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔