وزیر اعظم مودی اور امریکی صدر بائیڈن پیر کے روز کریں گے ورچوئل اجلاس
امریکہ اور ہندوستان کے درمیان اگلے ہفتہ ٹو پلس ٹو مذاکرات شروع ہونے والے ہیں، اس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے ساتھ اعلیٰ سطحی وفد شرکت کرے گا
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر پیر کے روز ورچوئلی میٹنگ کریں گے اور درطرفہ موضوعات پر بات چیت کریں گے۔ اس ملاقات کو یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کے درمیان اہم سمجھا جا رہا ہے۔ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان ٹو پلس ٹو مذاکرات بھی اگلے ہفتے شروع ہونے جارہے ہیں جس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے ساتھ اعلیٰ سطحی وفد بھی شرکت کرے گا۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان یہ سفارتی مشق ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ہندوستان پر روس سے تیل کی خریداری نہ کرنے کے لیے دباؤ ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیں گے اور جنوبی ایشیا اور ایشیا پیسیفک خطے میں موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پچھلے ڈیڑھ ماہ میں کئی ممالک کے اعلیٰ سطحی رہنما ہندوستان آئے ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن، ان کی بیٹیوں اور ان کے پورے ملک پر اقتصادی پابندیوں کے درمیان روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف ہندوستان آئے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کے علاوہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔ اسی دوران امریکہ کے نائب قومی سلامتی کے مشیر دلیپ سنگھ نے بھی نئی دہلی کا دورہ کیا اور روس سے تیل کی خریداری پر سخت ردعمل ظاہر کیا لیکن وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے واضح کیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں بھاری اضافہ اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں کے درمیان ہندوستان اپنے قومی مفادات کو ترجیح دے گا۔
ہندوستان نے امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کواڈ گروپ بھی تشکیل دیا ہے۔ ایل اے سی پر جاری تنازع اور بحر ہند اور بحرالکاہل میں چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے درمیان اسے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم یوکرین پر روس کے حملے کے بعد عالمی سیاسی منظر نامے میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ورچوئل میٹنگ کے ذریعے دونوں ممالک باضابطہ اور اعلیٰ سطحی رابطوں میں اضافہ کریں گے اور دوطرفہ گہرا عالمی تزویراتی شراکت داری کو مضبوط کریں گے۔ دوسری جانب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور وزیر خارجہ انٹونی بلنکن بھی شرکت کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔