وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ملی جان سے مارنے کی دھمکی، دہلی پولیس کی تحقیقات شروع

ایک پولیس افسر نے کہا کہ ’’ہم ملزم کے گھر والوں کے پاس پہنچے جہاں پتہ چلا کہ وہ شرابی ہے اور کل رات سے شراب پی رہا ہے، فی الحال وہ گھر پر نہیں ہے، لیکن اسے جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دہلی پولیس، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

دہلی پولیس، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی پولیس کے پاس بدھ کے روز دو فون آئے ہیں جس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ فون کرنے والے نے پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے علاوہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بھی مارنے کی دھمکی دی ہے۔ اس سلسلے میں دہلی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فون کرنے والے شخص کا پتہ لگانے کے لیے ایک ٹیم تعینات کی گئی تھی اور ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے۔

پولیس کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق بدھ کی صبح 10.46 بجے پہلی پی سی آر کال آئی جس میں فون کرنے والے نے 10 کروڑ روپے نہیں دینے پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ فون کرنے والی کی لوکیشن نانگلوئی علاقہ میں ملی ہے۔ اس کے بعد صبح 10.54 بجے اسی کالر نے 2 کروڑ روپے نہیں دینے پر پی ایم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ دھمکی بھرے فون موصول ہونے کے بعد پولیس ٹیم فوراً سرگرم ہو گئی اور کچھ دیر میں ہی کال کرنے والے کا پتہ لگا لیا۔ دھمکی دینے والے کی شناخت سدھیر شرما کی شکل میں ہوئی ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ ملزم شخص شراب پینے کا عادی ہے اور جلد ہی اسے پکڑ لیا جائے گا۔ ایک پولیس افسر نے کہا کہ ’’ہم اس کے گھر والوں کے پاس پہنچے جہاں پتہ چلا کہ وہ شرابی ہے اور کل رات سے شراب پی رہا ہے۔ فی الحال وہ گھر پر نہیں ہے۔ اسے جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہے جب کسی انجان فون کال سے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہو۔ اس سے قبل بھی پولیس کے پاس کئی بار دھمکی بھرے فون آ چکے ہیں، لیکن ہر بار جانچ میں شخص یا تو شرابی پایا گیا، یا پھر ذہنی طور پر معذور نکلا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔