اجمیر میں پھنسے زائرینوں کی جوابدہی وزیر اعظم اور وزیر اعلی پر ہے: امین پٹھان
درگاہ کمیٹی کی جانب سے جاری ریلیز میں امین پٹھان نے کہا کہ درگاہ کمیٹی زائرینوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ان زائرینوں کے بارے میں مرکز اور ریاستی حکومت کو مطلع کر دیا گیا تھا۔
اجمیر: راجستھان میں اجمیر درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان نے اجمیر میں پھنسے ملک بھر کے زائرینوں کی جوابدہی وزیراعظم، وزیر داخلہ، مختلف ریاستوں کے وزیر اعلی، چیف سکریٹریوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے وزیر اعلی اور چیف سکریٹری پر ڈال دی ہے۔
درگاہ کمیٹی کی جانب سے کل دیر شام جاری ریلیز میں امین پٹھان نے کہا کہ درگاہ کمیٹی زائرینوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ لاک ڈاؤن کے پہلے حصے میں ہی مرکز اور ریاستی حکومت کو مطلع کر دیا گیا تھا، لیکن حکومت کے ذریعہ زائرینوں کو اپنے گھروں تک بھیجنے کے لئے صحیح وقت کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دقت نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ درگاہ کمیٹی مرکز، ریاست کے ساتھ ضلع انتظامیہ کے احکامات پر عمل کر رہی ہے۔ یہی وجہ رہی کہ لاک ڈاؤن کے پہلے دن ہی کمیٹی کے گیسٹ ہاؤس سمیت درگاہ کو پوری طرح خالی کرا لیا گیا اور بیداری کیمپ کے ساتھ ساتھ درگاہ کی دھلائی، سینیٹائز کرانا، ماسک تقسیم کرنا جیسے کام کیے گئے ہیں۔
امین پٹھان نے کہا کہ کمیٹی مسلسل کوشش میں ہے کہ اجمیرمیں پھنسے زائرینوں کو ان کے گھر بھیجا جا سکے۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں سبھی سے سیاسی سوچ کو درکنار کرنے کی اپیل کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔