خلیج بنگال پر بننے والا دباؤ گردابی طوفان میں ہو رہا تبدیل، آندھرا پردیش میں آئندہ 3 دنوں تک بارش کا امکان
آندھرا پردیش ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ آئندہ تین دنوں میں پرکاشم، ایس پی ایس آر نیلور اور تروپتی ضلع میں بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔
خلیج بنگال کے اوپر بنے گہرے دباؤ کا علاقہ بدھ کے روز گردابی طوفان میں بدلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں میں جنوبی ساحلی آندھرا پردیش کے کچھ حصوں میں زوردار بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔ ہندوستانی موسمیاتی سائنس محکمہ کے مطابق جنوب مشرقی اور بنگال کی جنوب مغربی خلیج سے ملحق بنا دباؤ ایک گہرے دباؤ میں بدل گیا اور کرائیکل سے تقریباً 770 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق اور چنئی سے تقریباً 830 کلومیٹر جنوب مشرق میں 5.30 گھنٹے پر مرکوز ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گہرے دباؤ کے علاقہ والے مغرب-شمال-مغرب کی طرف بڑھنے اور 7 دسمبر کی شام کے آس پاس ایک گردابی طوفان کی شکل میں دھیرے دھیرے تیز ہونے اور 8 دسمبر کی صبح تک شمالی تمل ناڈو-پڈوچیری اور آس پاس کے جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں سے بنگال کی جنوب-مغرب خلیج تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ہندوستانی موسمیاتی سائنس محکمہ نے ایک بلیٹن میں کہا کہ یہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مغرب-شمال-مغرب کی طرف شمالی تمل ناڈو-پڈوچیری اور اس سے ملحق جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں کی طرف بڑھنا جاری رکھے گا۔ آندھرا پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بدھ کے روز کہا کہ آئندہ تین دنوں میں پرکاشم، ایس پی ایس آر نیلور اور تروپتی اضلاع میں بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔
طوفان کی وجہ سے 8 دسمبر سے ساحل کے ساتھ 60-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ متاثر ہونے والے اضلاع کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو جنوبی آندھرا ساحل-تمل ناڈو ساحلوں پر ہفتہ تک مچھلی پکڑنے نہیں جانے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ کسانوں کو زرعی امور میں بھی احتیاط برتنے کے لیے کہا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔