صدارتی انتخاب: اپوزیشن کے امیدوار یشونت سنہا نے داخل کیے کاغذات نامزدگی
یشونت سنہا اپوزیشن کے کئی لیڈروں کے ساتھ آج پارلیمنٹ ہاؤس گئے اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل کے دفتر میں صدارتی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
نئی دہلی: صدارتی انتخابات کے لئے اپوزیشن کے امیدوار یشونت سنہا نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنا کاغذات نامزدگی داخل کیا۔ یشونت سنہا اپوزیشن کے کئی لیڈروں کے ساتھ آج پارلیمنٹ ہاؤس گئے اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل کے دفتر میں صدارتی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
یشونت سنہا کے ساتھ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار، کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، ترنمول کانگریس کے سینئر رکن پارلیمنٹ سوگتا رائے، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، ڈی ایم کے کے تروچی شیوا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر راجہ سنگھ بھی موجود تھے۔ پرفل پٹیل اور دیگر کئی سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی اپیل پر بلائی گئی اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں یشونت سنہا کو صدارتی انتخاب میں مشترکہ اپوزیشن امیدوار کے طور پر چنا گیا تھا۔ تاہم عام آدمی پارٹی، تلنگانہ راشٹرا سمیتی، شرومنی اکالی دل، وائی ایس آر کانگریس اور بیجو جنتا دل کے رہنماؤں نے میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔ یشونت سنہا سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حکومت میں وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔
حکمراں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے جھارکھنڈ کے سابق گورنر اور قبائلی رہنما دروپدی مرمو کو صدارتی انتخابات کے لیے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ دروپدی مرمو پہلے ہی اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر چکی ہیں۔ صدارتی انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے اور ووٹوں کی گنتی 21 جولائی کو ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔