صدارتی انتخاب 2022: این ڈی اے امیدوار دروپدی مرمو 24 جون کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گی

نوین پٹنایک اور نتیش کمار کے ذریعہ حمایت دینے سے متعلق اعلان کیے جانے کے بعد صدر جمہوریہ انتخاب سے متعلق نمبر گیم دروپدی مرمو کے حق میں جاتا ہوا دکھائی پڑ رہا ہے۔

دروپدی مرمو کی فائل تصویر
دروپدی مرمو کی فائل تصویر
user

قومی آواز بیورو

صدر جمہوریہ عہدہ کے لیے این ڈی اے کے ذریعہ اعلان کردہ امیدوار دروپدی مرمو 24 جون کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گی۔ بی جے پی ان کی نامزدگی پروگرام کو عالیشان بنانے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب وہ نامزدگی کا پرچہ داخل کریں گی تو وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بی جے پی کے تمام سرکردہ لیڈران موجود رہ سکتے ہیں۔

دروپدی مرمو کی نامزدگی کے دوران پی ایم مودی، بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے وہ سبھی اراکین موجود رہیں گے جنھوں نے منگل کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے مرمو کو بی جے پی طرف سے صدر جمہوریہ کا امیدوار منتخب کیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دروپدی مرمو کی نامزدگی کے دوران مودی حکومت کے کئی مرکزی وزراء، بی جے پی کے مشہور لیڈر اور بی جے پی حکمراں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی موجود رہیں گے۔


دراصل منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ہوئی پارٹی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے بعد قومی صدر جے پی نڈا نے یہ اعلان کیا تھا کہ میٹنگ میں 20 ناموں پر غور و خوض کرنے کے بعد سب نے اتفاق رائے سے شمالی ہندوستان سے آنے والی قبائلی خاتون لیڈر دروپدی مرمو کو این ڈی اے کی طرف سے صدر جمہوریہ امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپوزیشن پارٹیاں پہلے ہی یشونت سنہا کو اپنا مشترکہ امیدوار طے کر چکی ہیں۔ حالانکہ نوین پٹنایک اور نتیش کمار کی حمایت دینے کے اعلان کے بعد صدر جمہوریہ انتخاب سے متعلق نمبر گیم دروپدی مرمو کے حق میں جاتا ہوا دکھائی پڑ رہا ہے۔ مرمو اگر یہ انتخاب جیتتی ہیں تو وہ صدر جمہوریہ بننے والی پہلی قبائلی خاتون ہوں گی۔


واضح رہے کہ ملک کے آئندہ صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لیے نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ انتخابی کمیشن کے ذریعہ اعلان کردہ پروگرام کے مطابق نامزدگی کی آخری تاریخ 29 جون ہے۔ 18 جولائی کو صدر جمہوریہ عہدہ کے لیے ووٹنگ ہونی ہے اور نتائج کا اعلان 21 جولائی کو کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔