صدارتی انتخاب 2022: دروپدی مرمو نے سونیا گاندھی، ممتا بنرجی اور شرد پوار کو کیا فون
اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا بھی لگاتار مختلف پارٹیوں کے لیڈران سے بات کر رہے ہیں، سماجوادی پارٹی نے ایک میٹنگ کے بعد یشونت سنہا کی حمایت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
این ڈی اے کی طرف سے نامزد صدر جمہوریہ عہدہ کی امیدوار دروپدی مرمو نے جمعہ کے روز اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ اس کے بعد انھوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور این سی پی سربراہ شرد پوار سے فون پر بات کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دروپدی مرمو نے تینوں سرکردہ لیڈران سے صدارتی انتخاب میں حمایت کی اپیل کی ہے۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ممتا بنرجی نے دروپدی مرمو کو نہ صرف صدارتی انتخاب کے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں، بلکہ یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنی پارٹی میں انھیں حمایت دینے سے متعلق تبادلہ خیال کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں : دروپدی مرمو نے صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کئے
دوسری طرف اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا بھی لگاتار مختلف پارٹیوں کے لیڈران سے بات کر رہے ہیں۔ اس درمیان سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے ایک میٹنگ کے بعد یشونت سنہا کی حمایت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اکھلیش یادو نے جمعہ کو پارٹی کے سبھی اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کی میٹنگ بلائی اور ان سے فارم پر دستخط کروا کر اعلیٰ عہدہ کے لیے یشونت سنہا کا نام تجویز کیا۔ اکھلیش یادو نے اپنی پارٹی کے لیڈروں کو متنبہ بھی کیا کہ وہ مہاراشٹر کے واقعہ کو دیکھتے ہوئے ان کوششوں سے محتاط رہیں جو اپوزیشن اتحاد کو توڑنے کے لیے کی جا سکتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔