صدر کووند، پی ایم مودی و اہم شخصیات کا جیٹھ ملانی کے انتقال پر اظہار تعزیت
مختلف سیاسی پارٹیوں اور دیگر سرکردہ شخصیات نے معروف وکیل اور سابق مرکزی وزیر رام جیٹھ ملانی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک نے ایک عظیم ماہر قانون کو کھو دیا ہے۔
نئی دہلی: صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند ،نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو اور وزیرا عظم نریندرمودی سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں اور دیگر سرکردہ شخصیات نے معروف وکیل اور سابق مرکزی وزیر رام جیٹھ ملانی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک نے ایک عظیم ماہر قانون کوکھودیاہے۔
کووند نے پانے تعزیتی پیغام میں کہا،’’ سابق مرکزی وزیر اور معروف وکیل رام جیٹھ ملانی کے اچانک انتقال سے افسردہ ہوں۔ وہ انتہائی بے باکی کےساتھ عوامی معاملات پر اپنی رائے کے اظہار کے لیے جانے جاتے تھے ۔قوم نے ایک اہم قانون داں اور عظیم عالم کو کھودیاہے ۔‘‘
وینکیا نائیڈو نے کہا، ’’جیٹھ ملانی کاانتقال میرا ذاتی نقصان ہے ۔میں نے اپنا دوست اور قریبی ساتھی کھودیاہے ۔خدا انکی روح کو تسکین دے اور ہم سب کو دکھ کی اس گھڑی میں صبروتحمل سے کام لینے کی توفیق دے ۔‘‘
وزیراعظم مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا،’’رام جیٹھ ملانی جی کے انتقال سے ہندستان نے ایک غیر معمولی وکیل اورایک اہم عوامی خدمت گار کو کھودیاہے ،جس نے عدالت اور پارلیمنٹ میں کافی اہم خدمات انجام دیں ۔خوش مزاج اور بہادر انسان تھے اور کبھی کبھی کسی موضوع پر پورے یقین کےساتھ اپنے خیالات کےاظہار سے گریزنہیں کرتے تھے ۔‘‘
مودی نے کہا کہ جیٹھ ملانی جی کی سب سے بڑی خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ تھی کہ وہ اپنی بات انتہائی بے باکی سے رکھتے تھے ۔ایمرجنسی کےدوران کےعزم اور عام لوگوں کی آزادی کےلیے لڑائی کو ہمیشہ یاد کیاجائیگا ۔ضرورت مندون کی مددکرنا انکی زندگی کا ایک اہم حصہ تھا۔
قبل ازیں، سابق مرکزی وزیر اور معروف وکیل رام جیٹھ ملانی کا اتوار کی صبح انکی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا، وہ 95سال کےتھے۔ جیٹھ ملانی اس وقت راجیہ سبھاکے رکن تھے اور کافی عرصہ سے علیل تھے۔ جیٹھ ملانی کے بیٹے مہیش جیٹھ ملانی بھی ایک معروف وکیل ہیں اور انکی ایک بیٹی امریکہ میں رہتی ہیں۔
جیٹھ ملانی کی پیدائش صوبہ سندھ (موجودہ پنجاب) کے ضلع شکار پور میں 14 ستمبر 1923کو ہوئی تھی۔ وہ پہلی بار 1959 میں کے ایم ناناوتی بنام مہاراشٹر حکومت کا مقدمہ لڑنے کے بعد مقبول ہوئے تھے۔ انھوں نے راجیوگاندھی کےقاتلوں کا مقدمہ بھی لڑاتھا اور شیئر بازار گھپلہ میں ہرشد مہتا اور کیتن پاریکھ کے مقدموں کی پیروی بھی کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 Sep 2019, 12:10 PM