عآپ کے 11 ارکان اسمبلی کے نااہل قرار دینے پر روک، ’سچائی کی جیت ہوئی‘، کیجریوال کا بیان

صدر کووند نے عآپ کے 11 ارکان اسمبلی کو فائدے کے عہدے کے معاملے میں نااہل ٹھہرائے جانے سے متعلق عرضی کو الیکشن کمیشن کے مشورے پر خارج کردیا اور ان ارکان اسمبلی کی رکنیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے اس فیصلے کا زوردار خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے پارٹی کے 11 ارکان اسمبلی کو فائدے کے عہدے کے معاملے میں نااہل ٹھرائے جانے سے متعلق عرضی کو الیکشن کمیشن کے مشورے پر خارج کردیا اور ان ارکان اسمبلی کی رکنیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اروند کیجریوال نے بدھ کو صدر کووند کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا، ’’آخر کار سچائی کی جیت ہوئی۔ ستیہ میو جیتے۔‘‘ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے وزیر راجیندر پال نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، ’’جھوٹ کی بنیاد پر یہ عرضی دائر کی گئی تھی۔ اسے خارج تو ہونا ہی تھا۔‘‘


واضح رہے کہ صدر کووند نے عآپ کے 11 ارکان اسمبلی کو فائدے کے عہدے کے معاملے میں نااہل ٹھہرائے جانے سے متعلق عرضی کو الیکشن کمیشن کے مشورے پر منگل کو خارج کردیا اور ان ارکان اسمبلی کی رکنیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

رام ناتھ کووند نے ایک حکم جاری کرکے سنجیو جھا، نیتن تیاگی، پروین کمار، پون کمار شرما، شری دت شرما، راجیش گپتا، دنیش موہنیا، امانت اللہ خان، کیلاش گہلوت، جرنیل سنگھ اور سریتا سنگھ کو نااہل ٹھہرائے جانے کی عرضی خارج کردی اور ان کی اسمبلی میں رکنیت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حکم کی نقل کل میڈیا کو جاری کی گئی ہے۔


صدر کوند نے اس سلسلے میں جاری حکم میں کہا ہے کہ انہوں نے قومی راجدھانی دہلی ایکٹ 1991 کے سب سیکشن 15 کے سب سیکشن چار کے تحت دیئے جانے والے حقوق کے تحت فائدے کے عہدے کے معاملے میں ان ارکان اسمبلی کو نااہل ٹھہرائے جانے سے متعلق عرضی کو خارج کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔