صدر ٹرمپ نے شمالی کوریائی رہنما سے اپنی ملاقات منسوخ کر دی

ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ بارہ جون کو سنگاپور میں ہونے والی تاریخی ملاقات منسوخ کر دی ہے۔ ٹرمپ کے اعلان سے قبل شمالی کوریا نے اپنی ایٹمی تجربہ گاہ بھی منہدم کر دی تھی۔

تصویر ڈی ڈبلیو
تصویر ڈی ڈبلیو
user

ڈی. ڈبلیو

امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے جمعرات چوبیس مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ایک ایسا خط جاری کیا ہے، جس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کمیونسٹ کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ اپنی پہلی اور بہت تاریخی قرار دی جانے والی مجوزہ سمٹ منسوخ کر دی ہے۔

یہ خط صدر ٹرمپ کی طرف سے شمالی کوریا کے رہنما کے نام لکھا گیا ہے۔ اس میں امریکی صدر نے کم جونگ اُن کو لکھا ہے، ’’میں اس ملاقات کے بارے میں بہت پرامید تھا اور (سنگاپور میں) آپ سے ملنا چاہتا تھا۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ بے تحاشہ غصہ اور جارحیت، جن کا اظہار آپ کے ایک حالیہ بیان سے ہوتا ہے، ان کی وجہ سے میری رائے میں یہ بات نامناسب ہو گی کہ ہم ایسے وقت پر ایک دوسرے سے ملیں اور وہ ملاقات عمل میں آئے، جس کی طویل عرصہ پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی۔‘‘

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا اپنی جوہری صلاحیت کے بارے میں بات کرتا ہے، ’’لیکن  ہماری (جوہری) صلاحیت اتنی زیادہ اور طاقت ور ہے کہ میں خدا سے دعا مانگتا ہوں کہ ہمیں اسے کبھی بھی استعمال نہ کرنا پڑے۔‘‘

شمالی کوریا نے ٹرمپ کے اعلان سے کچھ  دیر قبل اپنی جوہری تجربہ گاہ کو منہدم کر دینے کا اعلان کیا تھا۔
شمالی کوریا نے ٹرمپ کے اعلان سے کچھ دیر قبل اپنی جوہری تجربہ گاہ کو منہدم کر دینے کا اعلان کیا تھا۔

بین الاقوامی امور کے بہت سے ماہرین اس سمٹ کی امریکی صدر کی طرف سے منسوخی کو اس لیے افسوسناک قرار دے رہے ہیں کہ عالمی برادری نے، خاص طور پر دونوں کوریائی رہنماؤں کی اپریل میں ہونے والی سربراہی ملاقات کے بعد، اس امریکی شمالی کوریائی سمٹ کے ممکنہ نتائج سے بہت سی امیدیں بھی لگا لی تھیں۔

امریکی صدر کے اس اعلان سے کچھ ہی دیر قبل جمعرات چوبیس مئی ہی کے روز کمیونسٹ کوریا نے اپنے ایک حالیہ اعلان کے مطابق مبینہ طور پر اپنی وہ عسکری تجربہ گاہ بھی منہدم کردی یا ناقابل استعمال بنا دی تھی، جہاں پیونگ یانگ کی طرف سے ایٹمی دھماکے کیے جاتے تھے۔

پیونگ یانگ کے ایٹمی دھماکوں کی اس تجربہ گاہ کے خاتمے کی صدر ٹرمپ کے سمٹ کی منسوخی کے اعلان سے کچھ ہی دیر قبل ملنے والی رپورٹوں میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا نے یہ اقدام اس لیے کیا تھا کہ سنگاپور میں کم جونگ اُن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی اگلے ماہ ہونے والے مجوزہ ملاقات سے پہلے ماحول کو اسی سمٹ کے تعمیری نتائج کے لیے مزید سازگار بنایا جا سکے۔

مختلف خبر رساں اداروں کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے جس جوہری تجربہ گاہ کے انہدام کی اطلاع دی ہے، اس کی مبینہ طور پر غیر جانبدار ذرائع کی طرف سے فوری طور پر کوئی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 May 2018, 9:37 AM