بہار: بکسر مرکزی جیل میں تیار ہو رہے ہیں پھانسی کے 10 پھندے

جیل ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ پھانسی کے دس پھندوں کو 14 دسمبر 2019 تک تیار کرنے کو کہا گیا ہے۔ حالانکہ جیل انتظامیہ کو ابھی تک نہیں پتہ ہے کہ ان پھندوں کا استعمال کہاں اور کس کے لئے کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بکسر: تلنگانہ کے حیدر آباد میں عصمت دری اور قتل معاملہ کے ملزمین کے پولس تصادم میں مارے جانے کے بعد دہلی نربھیا معاملے کے ملزمین کو پھانسی پر لٹکائے جانے کے زور پکڑتے مطالبات کے مابین بہار کے بکسر مرکزی جیل کو اس سال 14 دسمبر تک پھانسی کے دس پھندے تیار کرنے کی ہدایت سے قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا ہے۔ لیکن ابھی تک جیل انتظامیہ کو بھی پتہ نہیں ہے کہ یہ پھندے کیوں بنوائے جارہے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایاکہ جیل انتظامیہ کو جیل ڈائریکٹوریٹ سے گزشتہ ہفتہ پھانسی کے دس پھندے تیار کرنے کا حکم موصول ہوا ہے ۔ہدایت میں ان پھندوں کو چودہ دسمبر 2019 تک تیار کرنے کو کہا گیا ہے ۔ حالانکہ جیل انتظامیہ کو بھی تک نہیں پتہ ہے کہ ان پھندوں کا استعمال کہاں اور کس لئے کیاجائے گا۔


ذرائع نے بتایاکہ مرکزی جیل میں کافی لمبے عرصے سے پھانسی کے پھندے تیار کئے جارہے ہیں۔ 6-5 قیدیوں کی 3-2 دن کی سخت مشقت کے بعد ایک پھندا تیار ہوتاہے ۔ اسے تیار کرنے میں 7200 کچے دھاگوں کا استعمال کیاجاتا ہے ۔ ا س سے قبل پارلیمنٹ حملے کے معاملے میں افضل گرو کو موت کی سزا دینے کیلئے اس جیل میں تیار کئے گئے پھانسی کے پھندے کا استعمال کیا گیا تھا۔

بہر حال، پھانسی کے دس پھندے تیار کرنے کی ہدایت کے بعد قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیا ہے۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ 16 دسمبر 2012 کو دہلی میں ایک چلتی بس میں ایک لڑکی سے عصمت دری کے چار ملزمین کو اس مہینے کے اخیر میں پھانسی دی جاسکتی ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے جمعہ کو ان ملزمین کی رحم کی درخواست کی فائل حتمی فیصلے کیلئے صدر جمہوریہ کو بھیج دی ہے ۔ وہیں دو دن قبل دہلی کے لیفٹننٹ گورنر انیل بیجل نے بھی مرکزی وزارت داخلہ کو رپورٹ بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ملزمین کی سزا کسی بھی صورت میں معافی کے لائق نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Dec 2019, 8:11 PM