گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں جنوری تک 'گنگا جل' کی سپلائی شروع، پائپ لائن کا کام آخری مراحل میں
گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں 'گنگا جل' کی سپلائی جنوری تک شروع کرنے کے لیے پائپ لائن کا کام جلد مکمل ہو جائے گا۔ 130 میٹر سڑک کے پاس ماسٹر یو جی آر کی صلاحیت 262 لاکھ لیٹر ہے
گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں دسمبر کے آخر تک 'گنگا جل' پائپ لائن کا کام پورا ہو جائے گا۔ جنوری میں گنگا جل کی سپلائی کی تیاری گریٹر نوئیڈا اتھاریٹی کر رہی ہے۔ اس سے یہاں کے لوگوں کو بڑی راحت ملنے والی ہے۔ گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں پانی سپلائی کو بہتر بنانے کے لیے 130 میٹر سڑک کے پاس ماسٹر یو جی آر (انڈر گراؤنڈ آبی ذخائر) کا کام پورا ہو گیا ہے۔ اس کی صلاحیت 262 لاکھ لیٹر کی ہے۔ اس کے علاوہ سیکٹر دو اور تین میں یو جی آر کا کام شروع ہو گیا ہے، اس کی صلاحیت 60 لاکھ لیٹر اور 30 لاکھ لیٹر ہے۔ دو مہینے میں تعمیری کام مکمل ہو جائے گا۔ کُل 4 یو جی آر بننے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گریٹر نوئیڈا میں 85 کیوسیک گنگا جل منصوبہ کا افتتاح نومبر 2022 میں کیا گیا تھا۔ اس منصوبہ کی لاگت 900 کروڑ روپے تھی۔ سپلائی شروع ہونے سے کچھ وقت بعد ہی پائپ لائن پھٹنے اور لیکیج کی شکایتیں سامنے آنے لگیں۔ منصوبہ کے مطابق گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں مارچ 2023 تک ہی گنگا جل پہنچایا جانا تھا لیکن سال 2010 میں بچھائی گئی پائپ لانے میں جگہ جگہ مٹی جمی ہونے کی وجہ سے منصوبہ کو مکمل ہونے میں کافی وقت لگ گیا۔ آئی آئی ٹی روڑکی کے ماہرین کی مدد سے زیادہ تر مسائل کو اب دور کیا جا چکا ہے۔
اتھاریٹی کے مطابق گریٹر نوئیڈا میں کُل 58 سیکٹروں میں سے اب تک 51 میں 'گنگا جل' کی سپلائی شروع کی جا چکی ہے۔ چار مورتی کے پاس واقع یو جی آر تک گنگا جل پہنچانے کا کام پورا ہونے کے بعد اب فلشنگ کا کام چل رہا ہے۔ صاف پانی آنے کے بعد مین لائن سے جوڑ کر سوسائٹیوں اور آس پاس کے علاقوں میں سپلائی شروع کر دی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔