جمعیۃ علماء ہند کے اجلاس عام کی تیاریاں زوروں پر، مغربی یوپی کے جماعتی ذمہ داران کی میٹنگ منعقد

صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے خاص خطاب میں کہا کہ جمعیۃ کے اجلاس ہائے عام ملک و ملت کی رہنمائی کی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسعد مدنی</p></div>

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسعد مدنی

user

پریس ریلیز

آج جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر نئی دہلی میں جمعیۃ علماء ہند کے 34ویں اجلاس عام کی تیاریوں کے سلسلے میں مغربی یوپی کے ذمہ داروں اور ارباب مدارس کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مغربی یوپی کے 22 اضلاع سے جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران و ارباب مدارس شریک ہوئے۔

اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے خاص خطاب میں کہا کہ جمعیۃ کے اجلاس ہائے عام ملک و ملت کی رہنمائی کی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی اس کے ذریعہ ملک کے باشعور اور ذمہ دار حضرات کو اپنی فکر و منہج کے اجتماعی اظہار اور مستقبل کے لائحہ عمل کی تیاری کا موقع ملتا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ کسی بھی قوم کے لیے مایوسی سے بڑھ کر کوئی حادثہ نہیں ہے، آج کے حالات میں یہ اجلاس اعتماد سازی کی فضا ہموار کرے گا اور ملک کے ہر فرد کی ذہن سازی کی جائے گی کہ وہ اپنے اقتصادی، تعلیمی اور سماجی حالات کو کس طرح بہتر کرسکتے ہیں اور آگے بڑھ کر ملک و ملت کے مفید تر بن سکتے ہیں۔ مولانا مدنی نے تنظیم کو بہت بڑی طاقت بتاتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا زوال اس وقت شروع ہو جاتا ہے جب اس میں نئے لوگوں کو جوڑنے کا سلسلہ باقی نہیں رہتا۔ انھوں نے جماعتی احباب سے اپیل کی کہ 34ویں اجلاس عام کو ملک و ملت اور تنظیم کی حیات کے لیے بہت اہم سمجھتے ہوئے اس کی تیاری میں جٹ جائیں۔


اس موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے عوامی رابطہ سازی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آئندہ جمعہ کو مساجد میں اجلاس سے متعلق اعلان کریں اور اس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالیں۔ انھوں نے ملک کی آزادی میں اکابر کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے اپیل کی کہ 26؍جنوری کو یوم جمہوریہ تقریب کا اہتمام کریں اور اس میں اکابر رحمہم اللہ کی خدمات پر روشنی ڈالیں۔

اس میٹنگ میں خاص طور سے جمعیۃ علماء مغربی یوپی کے صدر مولانا محمد عاقل قاسمی گڑھی دولت، مولانا محمد مدنی ناظم اعلی جمعیۃ علماء اترپردیش، مولانا ظہور احمد قاسمی صدر جمعیۃ علماء سہارن پور، ذہین احمد مدنی ناظم جمعیۃ علماء یوپی، مولانا جمال قاسمی مظفرنگر، مفتی بنیامین، قاری ذاکر، مولانا موسی قاسمی، مولانا محمد عابد قاسمی بلند شہر، مولانا حنیف قاسمی، حافظ قاسم باغپت، مولانا ابراہیم غازی آباد، مولانا اسجد قاسمی پسونڈہ، مولانا علاءالدین قاسمی ہاپوڑ، متھرا سے ماسٹر محمد عابد، ماسٹر شبیر، ہاتھرس سے قاری مظاہر حسین،علی گڑھ سے مفتی اکبر، مولانا فاضل، سنبھل سے حافظ شاہد، ندیم اختر، فیروزآباد سے مفتی قاسم رضی، امروہہ سے قاری محمد یامین، حافظ فرمان، قاری عبدالجبار، میرٹھ سے قاری امیر اعظم، مولانا نبیر، مولانا ارشد، مولانا سلمان میرٹھ، شاملی سے مولانا تحسین، مراد آباد سے مفتی مزمل، قاری نجیب قاسمی، مولانا عبدالخالق، بجنور سے مولانا شاہنواز، نوئیڈا سے قاری صدیق، مولانا طاہر حسین مظاہری، قاری مختار، بدایوں سے مولانا اظہرالقمر قاسمی بدایونی، ڈاکٹر عبدالظفر رحمانی رام پور، مولانا عرفان ٹانڈہ، مولانا عابد قاسمی صدر جمعیۃ علماء دہلی، مولانا اسلام الدین قاسمی دہلی وغیرہ شریک تھے۔اس موقع پر شرکاء کے سامنے جمعیۃ علماء ہند کی مختلف خدمات کو پرزینٹیشن کے ذریعہ بھی پیش کیا گیا۔ مولانا محمد یامین ناظم اعلی جمعیۃ علماء مغربی یوپی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔