جھارکھنڈ میں او بی سی ریزرویشن 14 سے بڑھا کر 27 فیصد کرنے کی تیاری
ہیمنت سورین کے اعلان پر عمل کرنے کے لیے حکومت کی ہدایت پر تین رکنی کمیٹی تشکیل کرنے کی تیاری چل رہی ہے، محکمہ پرسونل نے اس سے متعلق تجویز کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔
جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت نے پسماندہ طبقہ یعنی او بی سی کے لیے ریزرویشن کو 14 فیصد سے بڑھا کر 27 فیصد کرنے کی قواعد شروع کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ سورین کے ذریعہ 5 ستمبر کو اسمبلی میں کیے گئے اعلان کو زمین پر اتارنے کے لیے تین رکنی کمیٹی بنانے کی تیاری چل رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے 5 ستمبر کو اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ جلد ہی اپنا یہ وعدہ پورا کرے گی۔ اب اس اعلان کو زمین پر اتارنے کے لیے حکومت کی ہدایت پر تین رکنی کمیٹی تشکیل کرنے کی تیاری چل رہی ہے۔ محکمہ پرسونل نے اس سے متعلق تجویز کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔ فائل پر وزیر اعلیٰ کی منظوری ملتے ہی مجوزہ کمیٹی کو نوٹیفائی کر دیا جائے گا۔
جھارکھنڈ کے موجودہ برسراقتدار طبقہ میں تین اہم پارٹیاں جھارکھنڈ مکتی مورچہ، کانگریس اور آر جے ڈی شامل ہیں اور ان تینوں پارٹیوں نے سال 2019 کے اسمبلی انتخاب کے دوران اپنے اپنے انتخابی منشور میں او بی سی کے لیے 27 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا تھا۔ فی الحال ریاست میں او بی سی کو 14 فیصد ریزرویشن ملتا ہے، جب کہ درج فہرست قبائل کے لیے 26 فیصد اور درج فہرست ذات کے لیے 10 فیصد ریزرویشن کا انتظام ہے۔
جھارکھنڈ اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران آجسو پارٹی کے سدیش مہتو کے غیر سرکاری عزم پر پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا تھا کہ حکومت ریزرویشن کا فیصد بڑھانے پر غور کر رہی ہے۔ اس کے تحت ریزرویشن کی حد کو 50 فیصد سے بڑھا کر 73 فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
حالانکہ ریاست میں مجموعی ریزرویشن 50 فیصد سے زیادہ ہو جانے کی حالت میں اس فیصلہ کو عدالت میں چیلنج پیش کیا جا سکتا ہے۔ حکومت میں اس بات پر غور چل رہا ہے کہ اس کے کیا آئینی متبادل ہو سکتے ہیں۔ جس تین رکنی کمیٹی کی تشکیل ہونے والی ہے، اسے یہ ٹاسک سونپا جا سکتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تمل ناڈو میں ریزرویشن کے فارمولے اور اس کو نافذ کرنے کے طریقے پر یہ کمیٹی جائزہ کرا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ تمل ناڈو میں ریاستی حکومت کے ذریعہ طے او بی سی ریزرویشن کا دائرہ بڑھایا گیا تھا۔
اس درمیان ریاست کے وزیر صحت اور کانگریس کے سینئر لیڈر بنا گپتا نے دہرایا ہے کہ ہماری پارٹی نے ریاستی عوام سے 27 فیصد او بی سی ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا تھا اور اس پر حکومت میں پوری طرح اتفاق ہے۔ بہت جلد اس پر ٹھوس فیصلہ لیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔